بانی پی ٹی آئی سے متعلق گردش کرنے والی افواہیں بے بنیاد قرار

کل اور آج عمران خان سے ملاقات کیلیے کوئی پی ٹی آئی رہنما نہیں آیا، جیل ذرائع

اڈیالہ جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے متعلق گردش کرنے والی افواہیں بے بنیاد ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل مینول کے تحت تمام سہولیات دستیاب ہیں، ان کا معمول کا طبی معائنہ بھی کیا جاتا ہے۔

جیل ذرائع کا بتانا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو پڑھنے کے لیے دو انگریزی روزنامے دیے جاتے ہیں، ان کے سیل کی بجلی ہر وقت بحال رہتی ہے جبکہ کھانے کے لیے علیحدہ کچن بھی دستیاب ہے۔

علاوہ ازیں جیل ذرائع نے کہا کہ دو مشقتی بھی ان کو شفٹوں میں دستیاب ہوتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم کی جانب سے تھریٹ الرٹ پر جیل کی سیکیورٹی سخت کی گئی ہے، پنجاب حکومت نے 18 اکتوبر تک جیل میں ہر قسم کی ملاقات پر پابندی عائد کی ہے۔