مقبوضہ مغربی کنارے میں 4 اسرائیلی آباد کار ہلاک

مقبوضہ مغربی کنارے میں نامعلوم افراد کے حملے میں چار اسرائیلی آباد کار ہلاک ہو گئے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک غیر قانونی بستی کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم چار اسرائیلی آباد کار ہلاک ہو گئے ہیں۔

میگن ڈیوڈ ایڈوم ایمرجنسی سروسز نے ایک بیان میں کہا کہ شمالی مغربی کنارے میں، غیر قانونی ایلی بستی کے قریب ہونے والے حملے میں چار دیگر زخمی بھی ہوئے ہیں

اسرائیل کے چینل 12 نیوز نے رپورٹ کیا کہ بندوق برداروں میں سے ایک کو گولی لگی ہے جب کہ اسرائیلی فوج دوسرے کی تلاش کر رہی ہے۔

فلسطینی حکام نے فوری طور پر کسی فلسطینی کی موت کی تصدیق نہیں کی۔

الجزیرہ کے نمائندہ نے مقبوضہ مشرقی یروشلم سے رپورٹنگ کرتے ہوئے حملے کی تصدیق کی اور بتایا کہ رام اللہ اور نابلس کے درمیان ایلی بستی کے داخلی دروازے کے قریب مشتبہ افراد نے ایک گیس اسٹیشن میں فائرنگ کی تھی۔

محصور غزہ کی پٹی پر حکومت کرنے والے گروپ حماس کے ترجمان حازم قاسم نے فائرنگ کو جنین اور دیگر جگہوں پر [اسرائیلی] قبضے کے جرائم کا جواب” قرار دیا۔

فلسطینی اسلامی جہاد نے بھی اس حملے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ فلسطینی عوام کے خلاف بڑھتی ہوئی اسرائیلی جارحیت کا فطری ردعمل ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی فوج نے جنین پناہ گزین کیمپ پر وحشیانہ کارروائیاں کرتے ہوئے 6 فلسطینیوں کو شہید جب کہ 100 کے قریب افراد کو زخمی کر دیا تھا۔
العربیہ کے مطابق 22 برسوں میں پہلی بار اسرائیلی فوج نے جنین کیمپ پر فضائی حملے بھی کیے۔