کراچی میں رات گئے چار پولیس مقابلوں میں پانچ ڈاکو گرفتارکر لیے گئے جن کے قبضے سے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد ہوا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں پیر اور منگل کی درمیانی شب مختلف علاقوں میں چار پولیس مقابلے ہوئے جس میں مجموعی طور پر 5 ڈاکو گرفتار کرلیے گئے جن کے قبضے سے لوٹا گیا مال اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا گیا ہے جب کہ 2 ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب بھی ہو گئے۔
قائد آباد میں سے پولیس مقابلے کے بعد جاوید نامی ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا جس کے قبضے سے اسلحہ، چھینے گئے 16 موبائل فونز اور دیگرسامان برآمد ہوا جب کہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ایس پی ملیر طارق مستوئی کے مطابق زخمی ڈاکو کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
شاہ لطیف تھانے کی حدود میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو ڈاکوؤں کو حراست میں لیا گیا جن کے قبضے سے اسلحہ، موٹر سائیکل اور لوٹا گیا سامان برآمد ہوا ہے۔
غریب آباد ریلوے پھاٹک کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم اور ناظم آباد سات نمبر کے قریب مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا۔