پاکپتن: صوبہ پنجاب کے ضلع پاکپتن میں چار بہنیں گھر سے گمشدہ ہوگئیں، گھر سے بہنوں کا لکھا خط سامنے آگیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب کے ضلع پاکپتن میں دوسری جماعت کی طالبہ سے لے کر ایف ایس سی کی طالبہ لاپتا ہوگئیں، بچیاں والدین کی غیرموجودگی میں گھر سے لاپتا ہوئیں۔
ذرائع کے مطابق لاپتا لڑکیوں میں بڑی بیٹی ایف ایس سی پاس ہے، بچیوں کی والدہ کسی کام کے سلسلے میں گھر سے نکلی تھیں واپس آئیں تو بیٹیاں گھر میں موجود نہیں تھیں۔
بچیوں کی گمشدگی کے بعد گھر سے ایک خط برآمد ہوا جس میں لکھا تھا کہ ’تعلیم حاصل کرنے کے لیے گھر کو چھوڑ کر جارہی ہیں۔‘
بچیوں کے والد کا کہنا ہے کہ شبہ ہے کہ نامعلوم افراد نے بچیوں کو اغوا کیا ہے، دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کرکے بچیوں کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔
یہ پڑھیں: لاہور میں 4 بچیوں کے اغوا کا معاملہ، رکشہ ڈرائیور گرفتار
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں ہنجروال کےعلاقے سے 4روز قبل 4 بچیوں کے مبینہ اغوا کے واقعے پر پولیس نے رکشہ ڈرائیور ارسلان کو حراست میں لیا تھا، پولیس کا کہنا تھا کہ رکشہ ڈرائیور 30جولائی کورات 12بجےتک بچیوں کیساتھ تھا۔
رکشہ ڈرائیور نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ رات پونے 12 بجے بچیوں کو ای ایم ای سوسائٹی کے قریب اتارا تھا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے ہنجروال سے 4 لڑکیو ں کے اغوا کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی اور لڑکیوں کی جلد بازیابی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ پولیس لڑکیوں کی بحفاظت بازیابی کیلئے ہر ضروری اقدام کرے۔