مودی کا خواب چکنا چور ، بھارت میں چِپ بنانے کا منصوبہ کھٹائی میں پڑگیا

فوکس کون بھارت

نئی دہلی : تائیوان کی فوکس کون ٹیکنالوجی کمپنی نے بھارت میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کا معاہدہ منسوخ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیراعظم مودی کا خواب چکنا چورہوگیا اور بھارت میں چِپ بنانے کا منصوبہ کھٹائی میں پڑگیا۔

تائیوان کی فوکس کون ٹیکنالوجی کمپنی نے بھارت میں اربوں ڈالرکی سرمایہ کاری کا معاہدہ منسوخ کردیا، فوکس کون کے 19.5 ارب ڈالر کے معاہدے کو سیمی کنڈکٹر کی پیداوار کیلئے دنیا کا سب سے بڑا معاہدہ سمجھا جا رہا تھا۔

تاہم کمپنی کا کہنا ہے منصوبہ تیزی سے آگے نہیں بڑھ رہا، دیگر چیلنجوں کا بھی سامنا ہے جن پر قابو پانا مشکل تھا۔

معاہدے کی منسوخی سے  بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ملک کو سیمی کنڈکٹرز کی پیداوار کے مرکز بنانے کے منصوبے کو دھچکا لگ سکتا ہے تاہم مودی حکومت کا کہنا ہے کہ تائیوان کی کمپنی کے معاہدے سے دستبرداری سے بھارت سیمی کنڈکٹر کی پیدوار کے اہداف سے دور نہیں ہوگا۔

اس حوالے سے بھارتی وزیر مملکت برائے الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی راجیو چندرشیکھرن نے کہا ہے کہ اس فیصلے سے دونوں کمپنیاں اپنی حکمت عملی پر آزادانہ طور پر کام کر سکیں گی.

کمپنی نے گزشتہ سال معاہدے پردستخط کیے تھے، یہ منصوبہ گجرات میں شروع ہونے والا تھا۔