گاڑیوں کی خرید و فروخت کے ذریعے شہریوں سے کروڑوں کا فراڈ

گاڑیوں کروڑوں فراڈ

راولپنڈی : شہری وقاص بٹ نے گاڑیوں کی خریدوفروخت کے ذریعے کروڑوں کے فراڈ میں ملوث گینگ کیخلاف کارروائی میں تاخیر پر پولیس کیخلاف سینیٹ میں پٹیشن دے دی۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں شہریوں سے کروڑوں روپے کے فراڈ میں ملوث گینگ کیخلاف کارروائی میں پولیس کی تاخیر پر شہری نے پولیس حکام کے خلاف سینیٹ میں پبلک پٹیشن دائر کردی۔

چییرمین سینیٹ نے پٹیشن منظور کرکے معاملہ متعلقہ کمیٹی کو بھیجوا دیا ہے، شہری وقاص بٹ نے پٹیشن میں لکھا گاڑی فروخت کرنے کیلئے اشتہار دیا تھا، محمد آصف نامی شخص نے گاڑی خریدنے کیلئے رابطہ کیا ، سودا 50 لاکھ میں طے پایا، محمد آصف نے نجی بینک کا چیک دیکر گاڑی کے اصل کاغذات اور بائیو میٹرک کے ذریعے گاڑی ٹرانسفر کردی۔

پٹیشن میں کہا گیا کہ بینک نے چیک کو جعلی قرار دے دیا، جس کے بعد وقاص بٹ نے تھانہ کینٹ میں ملزم محمد آصف کے خلاف مقدمہ درج کرادیا لیکن کاروائی کے بجائے پولیس نے معاملہ ردی میں پھینک دیا۔

شہری وقاص بٹ کا کہنا تھا کہ ملزمان نے روات کے رہائشی ایک اور شہری عمار پرویز کے ساتھ بھی دھوکے سے گاڑی خریدی اور جعلی چیک تھمادیا، شہری عمار پرویز نے اپنی ملکیتی گاڑی چالیس لاکھ روپے کے عوض محمد آصف کو بیچ دی تھی، عمار پرویز نے بھی تھانہ روات میں ملزم محمد آصف کے خلاف مقدمہ درج کرایا لیکن پولیس کے روایتی ٹال مٹول اور مسلسل تاخیر کے خلاف متاثرین نے وزارت داخلہ سے بھی رابطہ کیا۔

متاثرین نے کہا کہ وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی کو خود معاملے کی تحقیقات کیلئے ہدایت کی، وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کی ہدایات کے باوجود پولیس نے داد رسی نہیں کی۔