فریڈم فلوٹیلا کولیشن نے امداد سے لدا تیسرا بحری جہاز غزہ کی جانب روانہ کر دیا

فریڈم فلوٹیلا کولیشن کا امداد سے لدا تیسرا بحری جہاز غزہ روانہ

(13 جولائی 2025) فریڈم فلوٹیلا کولیشن نے اسرائیلی فوج کی جانب سے کیا گیا غزہ کا محاصرہ توڑنے کیلیے امداد سے لدا تیسرا بحری جہاز روانہ کر دیا۔

فریڈم فلوٹیلا کولیشن ایک غیر سرکاری فلسطین حامی تنظیم ہے جس نے اس سے قبل بھی سمندری راستے کے ذریعے غزہ کے فلسیطنیوں کیلیے امداد روانہ کی تھی تاہم اسرائیل کی جانب سے مداخلت کی گئی۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق فریڈم فلوٹیلا کولیشن نے آج پھر امداد سے لیس (HANDALA) نامی جہاز اٹلی سے غزہ کی جانب بھیجا ہے۔

عملے کی ایک رکن ماریا ایلینا نے کہا کہ ہم اُس وقت تک امداد بھیجنے کی کوشش کرتے رہیں گے جب اسرائیل غزہ کا محاصرہ ختم نہیں کرتا اور فلسطین آزاد نہیں ہو جاتا۔

سسلی کے ساحلی شہر سائراکیز سے سوشل میڈیا پر براہ راست نشریات کے بعد امداد سے لدا جہاز محصور علاقے کی طرف روانہ ہوا۔

واضح رہے کہ مئی میں فریڈم فلوٹیلا کولیشن نے جہاز روانہ کیا تھا جسے مالٹا کے قریب بین الاقوامی پانیوں میں اسرائیل سے منسلک ڈرون نے نشانہ بنایا تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

جون میں اسرائیلی فوجیوں نے بین الاقوامی پانیوں میں تنظیم کی طرف سے بھیجے گئے اگلے جہاز میڈلین کو روکا اور اس پر سوار ہونے والوں کو گرفتار کر کے اسرائیل منتقل کیا، پھر انہیں ملک بدر کیا گیا۔

جہاز میں سوار افراد میں سویڈن کی ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ اور فرانس سے یورپی پارلیمنٹ کی رکن ریما حسن شامل تھے۔