پشاور، کھیل کے دوران بچوں‌ کی لڑائی دوست کی جان لے گئی

پشاور: پشاور میں بچوں نے کھیل کے دوران لڑائی میں مبینہ طور پر دوست کو قتل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے منتھرا میں بچوں نے کھیل کے دوران لڑائی پر دوست کی جان لے لی، پولیس نے دونوں بچوں کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی کا کہنا ہے کہ تیز دھار آلہ مبینہ طور پر 10 سالہ فواد کے سینے میں گھونپا گیا، بچوں کو 2 گھنٹے میں گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فواد کی لاش برساتی نالے کے پاس سے ملی، گرفتار بچوں کی عمریں 9 سے 10 سال کے درمیان ہیں۔

پشاور پولیس کے مطابق پولیس نے آلہ قتل برآمد کرلیا ہے اور دونوں بچوں نے جرم کا اعتراف کرلیا۔