کراچی کے تھانوں کی مرمت اور تزئین و آرائش کے لیے فنڈز جاری

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے ساؤتھ زون کے 37 تھانوں کی مرمت اور تزئین و آرائش کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس کے لیے ٹینڈر جاری کر دیا گیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق میٹرو پولیٹن شہر کراچی کے ساؤتھ زون کے 37 تھانوں کی مرمت اور تزئین و آرائش کے لیے مجموعی طور پر 9 کروڑ 70 لاکھ کے فنڈز منظوری کے بعد جاری کر دیے گئے ہیں جس کے بعد اس حوالے سے ٹینڈر بھی جاری کیا گیا ہے۔

کراچی ڈسٹرکٹ غربی کے 15 تھانوں کی مرمت اور تزئین و آرائش کے لیے 3 کروڑ 15 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں جب  کہ سٹی ڈسٹرکٹ کے 10 تھانوں کے لیے 2 کروڑ 60 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔

کراچی کے ضلع کیماڑی کے 12 تھانوں کی بھی مرمت اور تزئین و آرائش کی جائے گی جس کے لیے 3 کروڑ 95 لاکھ کی رقم رکھی گئی ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ تھانوں کی مرمت اور تزئین وآرائش کی ایک سے دو ماہ میں مکمل  ہوجائے گی۔