شہید ڈی ایس پی امان اللہ کی نماز جنازہ پولیس لائنز کوئٹہ میں ادا

کوئٹہ: دہشت گردی کے واقعے میں شہید ہونے والے ڈی ایس پی امان اللہ کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعے میں شہید ڈی ایس پی کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، نماز جنازہ میں وزیر داخلہ، آئی جی ایف سی، پولیس اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

گزشتہ روز سیٹلائٹ ٹاؤن میں مسجد میں دھماکے میں 15 افراد شہید ہوئے تھے، گزشتہ کچھ عرصے سے پرامن ماحول میں دہشت گردی کا یہ ایک بڑا واقعہ تھا، جس کے شہر کی فضا سوگوار ہو گئی ہے۔

سیٹلائٹ ٹاؤن کی مسجد میں نماز مغرب کے دوران دھماکے میں ڈی ایس پی امان اللہ اور امام مسجد بھی شہید ہوئے تھے، جب کہ 19 افراد زخمی ہو گئے تھے، جو سول اسپتال میں زیر علاج ہیں، شہید افراد میں سے 6 کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے.

کوئٹہ میں دھماکا، ڈی ایس پی سمیت 15 افراد جاں بحق

وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا لانگو نے کہا تھا کہ خدشہ ہے دھماکا خود کش تھا، دھماکے میں بھارت ملوث ہو سکتا ہے، بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے، اور دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کا استعمال کر رہا ہے، بھارت سی پیک کی صورت میں پاکستان کے اقتصادی مستقبل سے بھی خوف زدہ ہے۔

واقعے پر وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف نے بھی مذمت کی، جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا مسجد میں دھماکا کرنے والے مسلمان نہیں ہو سکتے، انھوں نے امدادی کاموں میں پولیس اور سول انتظامیہ کو تعاون فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔