ممبئی: معروف اسرائیلی اداکارہ گیل گیڈوٹ نے فلم ’ہارٹ آف اسٹون‘ کیلیے بالی وڈ اسٹار عالیہ بھٹ کو ’بہترین انتخاب‘ قرار دے دیا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق حال ہی میں عالیہ بھٹ نے برازیل میں ٹوڈم 2023 فیسٹیول میں شرکت کی جہاں ان کے ہمراہ گیل گیڈوٹ اور ہالی وڈ اسٹار جیمی ڈرونن بھی موجود تھے۔ فیسٹیول میں ان کی نئی فلم ’ہارٹ آف اسٹون‘ کا ٹریلر لانچ کیا گیا۔
فیسٹیول میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گیل گیڈوٹ نے فلم ’گنگو بائی کاٹھیاواڑی‘ کی اسٹار عالیہ بھٹ کی تعریفوں کے پُل باندھ دیے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’ہارٹ آف اسٹون‘ کیلیے عالیہ بھٹ کا انتخاب کیوں کیا گیا۔
گیل گیڈوٹ کا کہنا تھا کہ میں آج سے نہیں بلکہ بہت پہلے سے عالیہ بھٹ کی فین ہوں، میں نے ان کی فلم ’آر آر آر‘ بھی دیکھی ہے۔
متعلقہ: ’ہارٹ آف اسٹون‘ کا ٹریلر جاری، عالیہ بھٹ پہلی بار ویمپ کے کردار میں جلوہ گر
اسرائیلی اداکارہ نے بتایا کہ ’فلم کیلیے ہمیں ہر وقت فریش (تازہ) نظر آنے والی اداکارہ کی تلاش تھی جو نہ صرف کردار کے ساتھ انصاف کرے بلکہ خوبصورت بھی ہو۔ اس کیلیے عالیہ بھٹ بہترین انتخاب ہیں۔‘
فیسٹیول میں عالیہ بھٹ نے بھی میڈیا سے گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس فلم کا حصہ بننا بہت خاص بات تھی۔ میں اُس وقت بہت پُرجوش تھی جب میں نے محسوس کیا کہ میں ایک زبان سے اب دوسری زبان، جسے آپ لوگ ہالی وڈ کہتے ہیں، کا حصہ بن رہی ہوں۔
عالیہ بھٹ نے بتایا کہ مجھے شوٹنگ میں بہت مزہ آیا، اس دوران میری بہت سے دلچسپ لوگوں کے ساتھ ملاقاتیں ہوئیں۔