’’مرد بحران‘‘ سعود شکیل مین آف دی میچ قرار

پاکستان نے سری لنکا کو پہلے ٹیسٹ میں 4 وکٹوں سے شکست دے دی پہلی اننگ میں قومی ٹیم کیلیے مرد بحران کا کردار ادا کرنے والے سعود شکیل مین آف دی میچ رہے۔

پاکستان نے گال میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میں میزبان سری لنکا کو چار وکٹوں سے شکست دے کر دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں ایک صفر کی ناقابل شکست برتری اور آئی سی سی کی پوائنٹس ٹیبل پر 12 قیمتی پوائنٹ حاصل کر لیے۔ میچ کے بہترین کھلاڑی قومی مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل رہے جنہوں نے میچ میں 238 رنز کی قابل رشک اوسط سے 238 رنز بنائے۔

سعود شکیل نے پہلی اننگ میں اس وقت کریز پر آئے تھے جب پاکستان سری لنکا کی پہلی اننگ 312 رنز کے جواب میں صرف 101 رنز پر 5 وکٹیں گنوا بیٹھا تھا۔ اس مشکل صورتحال میں سعود نے ساتھی آغا سلمان کے ساتھ مل کر طوفان میں پھنسی ٹیم کی نیا کو پار لگایا اور خسارے میں جاتی ٹیم کو پہلی اننگ میں 143 رنز کی قیمتی برتری دلائی جو میچ میں پاکستان کی فتح کا سبب بنی۔

مڈل آرڈر بلے باز پہلی اننگ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے 208 رنز کی فتح گر اننگ کھیلی جب کہ دوسری اننگ میں کپتان بابر اعظم کے آؤٹ ہونے پر کھیلنے آئے تو تیز کھیلتے ہوئے 38 گیندوں پر 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہیں اس شاندار کارکردگی پر میچ کے بہترین کھلاڑی کی ٹرافی دی گئی۔

واضح رہے کہ سعود شکیل سری لنکن سرزمین پر ڈبل سنچری بنانے والے پہلی پاکستانی بلے باز ہیں بلکہ ملک سے باہر اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میں ڈبل سنچری بنانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔

گال ٹیسٹ میں پاکستان نے سری لنکا کو ہرا دیا

دوسری جانب وہ سر ڈان بریڈ مین کے بعد ابتدائی 10 ٹیسٹ اننگز میں زیادہ بیٹنگ اوسط پر دوسرے نمبر پر ہیں۔ یوں سعود شکیل نے نہ صرف دور حاضر بلکہ سابق بڑے بڑے بلے بازوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔