گال ٹیسٹ، پاکستان مشکل صورتحال سے نکل گیا، سری لنکا کی برتری ختم

گال ٹیسٹ کے تیسرے دن مرد بحران بلے بازوں سعود شکیل اور آغا سلمان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان مشکل صورتحال سے نکل گیا اور سری لنکا کی برتری ختم ہوگئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے گال میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن کھانے کے وقفے تک پاکستان نے اپنی پہلی اننگ میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز بنا لیے یوں گرین شرٹس کو میزبان ٹیم پر ایک رنز کی برتری حاصل ہوگئی جب کہ اس کی چار وکٹیں باقی ہیں۔

پہلے سیشن میں شاندار سنچری اسکور کرنے والے سعود شکیل 119 رنز پر ناقابل شکست ہیں جب کہ نعمان علی پُراعتماد انداز میں ان کا ساتھ دینے کے لیے 13 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ ان کی پارٹنر شپ میں 35 رنز بن چکے ہیں۔

اس سے قبل آج جب بارش کے باعث تیسرے دن کا کھیل تاخیر سے شروع ہوا تو سعود شکیل 69 اور آغا سلمان 61 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ 221 کے مجموعے پر کریز پر موجود تھے۔

اس موقع پر دونوں بلے بازوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اننگ کو آگے بڑھایا۔ سعود شکیل نے اپنی دوسری ٹیسٹ سنچری اسکور کی جب کہ ان کا بھرپور ساتھ دینے والے آغا سلمان اپنی دوسری ٹیسٹ سنچری سے صرف 17 رنز کی دوری پر 87 رنز بنا کر مینڈس کی بال پر اسٹمپ آؤٹ ہوگئے۔

گزشتہ روز دونوں مڈل آرڈر بلے باز ایسے وقت میں کریز پر آئے تھے جب سری لنکا کی پہلی اننگ میں بنائے گئے 312 رنز کے جواب میں پاکستان کی آدھی ٹیم صرف 101 رنز پر پویلین لوٹ چکی تھی اور گرین شرٹس پر خطرے کے بادل منڈلا رہے تھے تاہم دونوں بلے بازوں نے مرد بحران کا کردار ادا کرتے ہوئے انتہائی محتاظ انداز میں اپنی اور پاکستان کی اننگ کو مستحکم کیا۔ ان کے درمیان 177 رنز کی قیمتی پارٹنر شپ ہوئی۔

سری لنکا کی پہلی اننگ 312 کے جواب میں پاکستان نے اپنی اننگ کا آغاز کیا تو قومی کپتان بابر اعظم سمیت کوئی بھی ابتدائی بلے باز کریز پر زیادہ دیر نہ رُک سکا تھا۔ 101 رنز پر آدھی ٹیم کے پویلین لوٹنے کے بعد آغا سلمان اور سعود شکیل نے ٹیم کو سہارا دیا اور کھیل ختم ہونے تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان 120 رنز کی ناقابل شکست پارٹنر شپ ہوچکی ہے۔

پاکستان کی جانب سے شان مسعود 39، سرفراز احمد 17، بابر اعظم 13، عبداللہ شفیق 19 جب کہ امام الحق صرف ایک رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ سری لنکن لیفٹ آرم اسپنر پرباتھ جے سوریا نے کپتان بابر اعظم، سرفراز سمیت 3 اہم وکٹیں حاصل کیں۔

سرفراز احمد نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کے 3 ہزار جب کہ عبداللہ شفیق نے ایک ہزار رنز مکمل کیے۔

اس سے قبل سری لنکا نے دھننجایا ڈی سلوا کی سنچری اور انجلیو میتھیوز کی نصف سنچری سے تقویت پاتے ہوئے 312 رنز بنائے تھے۔ شاہین شاہ، نسیم شاہ اور ابرار احمد نے تین تین شکار کیے تھے۔