لاہور (13 جولائی 2025): وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی سیاسی تحریک کا آغاز گزشتہ روز سے ہو چکا ہے جو 90 روز تک جاری رہے گی۔
علی امین گنڈاپور نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں کہا کہ میرے خیال میں سب سے زیادہ تحاریک پی ٹی آئی نے چلائی ہے اور لوگوں کوشعور دیا، کل پورے پاکستان سے لوگ لاہور آئے اور ہماری میٹنگ ہوئی، کل تحریک کو آگے کیسے لے کر جانے سے متعلق بات ہوئی ہے، ہر شہر اور گلی میں تحریک چلائیں گے۔
وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا کہ ملک کیلیے ہمارے کارکنون نے قربانیاں دیں، ہمارے لوگوں کو توڑا گیا اور لیڈرشپ پر تشدد کیا گیا، ہم سے انتخابی نشان لے لیا گیا لیکن 8 فروری کو لوگوں نے ووٹ دے کر ثابت کر دیا، دنیا کی تاریخ میں کسی سیاسی پارٹی کے ساتھ اتنا ظلم نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان پاکستان کی خاطر مذاکرات کیلیے تیار ہیں، ملک کا قانون سب کیلیے برابر ہونا چاہیے آئین کی پاسداری ہونی چاہیے، ملک میں اس وقت دہشتگردی کی وجہ سے حالات خراب ہیں، بانی پی ٹی آئی عمران خان کے دور میں دہشتگردی کے واقعات نہیں ہو رہے تھے لیکن پی ڈی ایم ون آئی اور حالات خراب ہوئے، جب پی ڈی ایم ٹو آئی تو مزید حالات خراب ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: بڑی سیاسی تحریک کیلیے کارکنان کو متحرک کر رہے ہیں، علی امین گنڈاپور
’ذات اور انا سے نکل کر ایک قوم بن کر سوچیں۔ ہم نے کوئی غلطی کی ہے تو اس کی سزا کیلیے بھی تیار ہیں۔ ہماری تحریک کل رات سے شروع ہوگئی ہے جو 90 دن تک جاری رہے گی۔ ہم نہیں چاہتے کہ ہمارے ملک کے بچے غلام ہوں، بچوں کو آزادی اور خود مختاری دینی ہے تو ہماری تحریک کا حصہ بنیں۔ عمران خان تحریک کی قیادت خود کریں گے۔‘
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پی ٹی آئی کی تحریک 90 روز میں آر یا پار ہوگی، وقت ضائع کر کے اپنے مقاصد حاصل کیے جا رہے ہیں ہم سے مخصوص نشستیں بھی لے لیں، سڑکوں پر آئینی طور پر احتجاج کر کے اپنا حق مانگنا میرا حق ہے، 90 دن میں ہم نے اپنے لیے اہداف رکھے ہیں، ہم نے فیصلہ کرنا ہے اس ملک میں کیسی سیاست کرنی چاہیے، ہم نے آفر دے دی ہے آئیں بیٹھ کر بات کریں۔