کراچی میں بچیوں کے اغوا میں ملوث نئے گینگ کا انکشاف

چودہ سالہ مغوی بچی

کراچی: شہرِ قائد میں کم عمر بچیوں کے اغوا میں ملوث ایک نئے بین الاقوامی گینگ کا انکشاف ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک ایسے گینگ کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے جو کم سن بچیوں کو اغوا کر کے ملک سے باہر اسمگل کرتا ہے۔

گینگ کا پردہ اس وقت فاش ہوا جب ایف بی صنعتی ایریا پولیس کے ہاتھوں گرفتار ایک کارندے سے تفتیش کی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم امین اللہ ایف بی ایریا تھانے کی حدود سے 7 سال کی بچی اغوا کر کے لے جا رہا تھا، پولیس نے علاقہ مکین کی مدد سے اسے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

یہ بھی پڑھیں:  بچوں کے اغوا کی افواہیں پھیلانے میں ایک سیاسی جماعت ملوث ہے، پولیس کا انکشاف

ملزم کے بارے میں پولیس نے مزید بتایا کہ وہ 7 سال اور اس سے کم عمر کی بچیوں کو اغوا کرتا ہے، اور پھر مغوی بچی کو اغوا کاروں کے بین الاقوامی گینگ کو فروخت کر دیتا ہے۔

پولیس کے مطابق اغوا کاروں کا بین الاقوامی گینگ بچیوں کو افغانستان منتقل کرتا ہے، بچیوں کو افغانستان میں لے جانے کے بعد ان کے اہل خانہ سے تاوان مانگا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ چند ماہ قبل کراچی میں بچوں کے اغوا کی بڑھتی وارداتوں کے سلسلے پر ایڈیشنل آئی جی کراچی امیر شیخ نے کہا تھا کہ ان میں زیادہ تر محض افواہیں ہیں، جس میں ایک سیاسی جماعت ملوث ہے، تاکہ شہر میں خوف و ہراس پھیلایا جا سکے۔