راولپنڈی میں ریلویز پولیس نے ریلوے لائنیں کھولنے والے 4 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔
ملزمان راولپنڈی ریلوے اسٹیشن کے قریب ریلوے لائن چوری کر کے لے جا رہے تھے جس کی وجہ سے کوئی بھی واقعہ رونما ہو سکتا تھا۔
ملزمان کو ریلویز پولیس نے اسپیشل ریڈ کر کے گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضے سے ریلوے لائن کھولنے والے اوزار بھی برآمد ہوئے جن میں چابی، آہنی کٹر اور پلاس وغیرہ شامل ہیں۔
ملزمان میں حسین شاہ، محمد بلال، اظہر اقبال اور نعیم علی شامل ہیں جن کے خلاف ایس ایچ او محمد ارزام کی مدعیت میں تھانہ ریلوے راولپنڈی میں مقدمہ درج کر لیا گیا اور مزید تفتیش جاری ہے۔
آئی جی ریلویز راؤ سردار علی خان کا کہنا ہے کہ ریلوے تنصیبات کی حفاظت ریلویز پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے، اس سلسلے میں ریلوے پراپرٹی کو نقصان پہنچانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا اور ایسے افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔