کراچی (30 جولائی 2025): گارڈن پولیس نے 10 گھنٹوں کے اندر اندر پولیس اہلکار مبارک کے جواں سال بیٹے عبد اللہ اعوان کے قتل میں ملوث پولیس اہلکار کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے پریس کانفرنس میں آج بدھ کو بتایا کہ گارڈن پولیس ہیڈکوارٹر کے رہائشی اہلکار مبارک کے بیٹے عبداللہ اعوان کی لاش 27 جولائی کو گارڈن سے ملی تھی، جس کے بعد کیس کی تحقیقات شروع کی گئیں۔
انھوں نے بتایا کہ 10 گھنٹے کے اندر گارڈن پولیس نے کیس حل کر لیا، اور قتل کے ملزم ذوالفقار علی کو گرفتار کر لیا ہے جو خود پولیس اہلکار ہے، اور وہ مقتول عبداللہ کا چاچا بھی ہے۔
ایس ایس پی کے مطابق ملزم نے گھریلو تنازع پر اپنے بھتیجے کو قتل کیا تھا، ملزم ذوالفقار گارڈن تھانے میں حاضر سروس اہلکار ہے، افسوس کی بات ہے پولیس والا ہو کر اس نے پولیس کے ہتھیار سے قتل کیا۔
گارڈن پولیس اہلکار کے بیٹے عبد اللہ اعوان کو کس نے اغوا و قتل کیا؟
انھوں نے کہا ملزم نے بہانے سے بھتیجے کو گھر بلایا تھا اور پھر بیٹری مارکیٹ لے جا کر قتل کر دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پولیس حکام نے بتایا تھا کہ تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مقتول عبد اللہ 2 روز سے گھر سے غائب تھا، وہ نشے کا عادی تھا اور اکثر گھر سے باہر رہتا تھا۔ مقتول کا والد پولیس اہلکار مبارک شیٹ کلرک ہے۔