چیمپئنزٹرافی کے بعد گیری کرسٹن کے ساتھ کیا ہوگا؟ سابق کرکٹر کا بڑا دعویٰ

پاکستان کے سابق کرکٹر نے موجودہ ہیڈ کوچ گیری کرسٹن کو خبردار کیا ہے کہ چیمپئنزٹرافی کے بعد پی سی بی انھیں عہدے سے ہٹا سکتا ہے۔

اس وقت پاکستان کرکٹ اپنے بدترین دور سے گزر رہی ہے، آئی سی سی ایونٹس میں متواتر بری کارکردگی کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم اپنی سرزمین پر بنگلہ دیش کے ہاتھوں بھی کلین سوئپ کا شکار ہوچکی ہے جبکہ ٹیسٹ میچ میں ٹیم کی رینکنگ کافی نیچے جاچکی ہے۔

سابق پاکستانی کرکٹر باسط علی نے کہا کہ آئندہ سال ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے بعد پی سی بھی انھیں فائر کردے گا جبکہ یہ بابر اعظم الیون کے لیے بہت بڑی کامیابی ہوگی اگر وہ آئی سی سی ایونٹ کے سیمی فائنل تک پہنچے میں کامیاب ہوپاتے ہیں۔

اپنے یوٹیوب چینل پر باسط علی نے کہا کہ گیری کرسٹن کو مبارک ہو وہ چیمپئنز ٹرافی تک پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں، تاہم انھیں ایونٹ کے بعد نکال دیا جائے گا، میں ابھی یہ کہہ رہا ہوں کہ یہ ان کے لیے بائی بائی ہوگا۔

اس سے قبل گیری کرسٹن نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے منعقدہ ہائی لیول کیمپ میں کے دوران کہا تھا کہ پاکستان کرکٹ کو دوبارہ سے واپس ووننگ ٹریک پر لانا چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ بدتری کی جانب پاکستان ٹیم کا سفر پچھلے سال بھارت میں منعقدہ ون ڈے ورلڈکپ سے شروع ہوا تھا، جہاں قومی ٹیم نہ صرف سیمی فائنل میں پہنچنے میں ناکام رہی تھی بلکہ اسے افغانستان کے ہاتھوں بھی پہلی بار ایک روزہ میچز میں خفت سے دوچار ہونا پڑا تھا۔

کرسٹن جنھوں نے بھارت کو 2011 ورلڈکپ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا انھیں اس سال کے آغاز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کاوائٹ بال ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا تھا، تاہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھی گرین شرٹس امریکا کے ہاتھوں شرمناک شکست سے دوچار ہوکر گروپ اسٹیج سے باہر ہوئے تھے۔