بھارت : مسجد کے دروازے پر اشتعال انگیز نعرے، مسلمانوں میں غم وغصہ

مسجد

باغپت : بھارتی ریاست یوپی کے شہر باغپت میں ہندو انتہاپسندوں کے ذریعہ ماحول خراب کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹس کے مطابق باغپت کے کوتوالی علاقہ واقع سرور پور کلاں گاؤں میں کچھ شر پسند عناصر نے گاؤں کی بڑی مسجد کے صدر دروازے سمیت دیواروں پر کئی جگہ ’جئے شری رام‘ لکھ دیا۔

جمعہ کی صبح جب مسلمانوں نے یہ دیکھا تو حیران رہ گئے، جب اس کی خبر پولیس کو ملی تو وہ فوراً پہنچی اور جن مقامات پر ’جئے شری رام‘ لکھا ہوا تھا وہاں صفائی کردی۔

سرور پور کلاں گاؤں کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ کچھ شر پسند عناصر نے ہمارے گاؤں کا ماحول بگاڑنے کی کوشش کی ہے، معاملہ سامنے آنے کے بعد پولیس الرٹ ہوگئی ہے پولیس افسر کا کہنا ہے کہ تفتیش کی جا رہی ہے اور جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔