ایشیاء کی امیر ترین شخصیت کا تاج کس کے نام ہوگیا؟

اڈانی گروپ کے چیئرمین گوتم اڈانی نے نئے سال میں ایشیاء کے امیر ترین شخص ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا، اڈانی امیروں کی بلومبرگ ارب پتیوں کی فہرست میں 12نمبر پر براجمان ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اڈانی کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 97.6 بلین ڈالر تک پہنچ گئی ہے، اس کے ساتھ ہی ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین مکیش امبانی 97 بلین ڈالر کی مجموعی مالیت کے ساتھ ایشیاء میں دوسرے اور دنیا میں 13 ویں نمبر پر ہیں۔

بلومبرگ بلینئر انڈیکس کے مطابق نئے سال میں دنیا کے ٹاپ 20 ارب پتیوں میں سے صرف تین کی مالیت میں اضافہ ہوا ہے۔

اڈانی اور امبانی کے علاوہ امریکہ کے تجربہ کار سرمایہ کار وارن بفے بھی ان میں شامل ہیں، گوتم اڈانی کی دولت میں اضافہ ہوا ہے، ان کی دولت میں 24گھنٹوں کے دوران 7.6بلین ڈالر بڑھ گئے ہیں۔

اڈانی کی دولت میں اضافہ ہونے کی اصل وجہ یہ ہے کہ اڈانی گروپ کی دس لسٹیڈ کمپنیوں نے بدھ کے روز اپنی مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں تقریباً 65,500 کروڑ روپے کا اضافہ کیا، گروپ کے خلاف ہینڈنبرگ رپورٹ کے الزامات کی نئی جانچ کی درخواستوں کو سپریم کورٹ کے ذریعہ خارج کرنے کے فیصلے کے بعد گروپ کے حصص میں اضافہ ہوا۔

مکیش امبانی کو قتل کی دھمکی دینے والا ملزم گرفتار

اس کے باعث اڈانی گروپ کی کمپنیوں کی مشترکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن بدھ کو بڑھ کر 15.11 ٹریلین روپے ہوگئی، ان فوائد کی بدولت گوتم اڈانی کے خاندان نے ریلائنس انڈسٹریز کے مکیش امبانی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور بھارت کے امیر ترین پروموٹر کا اعزاز دوبارہ حاصل کرلیا ہے۔