قطر: غزہ جنگ بندی میں مزید توسیع کے سلسلے میں سی آئی اے اور موساد سربراہ قطر پہنچ گئے۔
عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں آج جنگ بندی کا چھٹا اور آخری روز ہے، قطر کا کہنا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی میں مزید توسیع کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
اس سلسلے میں امریکی اور اسرائیلی خفیہ ایجنسیوں سی آئی اے اور موساد کے سربراہان مذاکرات کے لیے قطر پہنچ گئے ہیں، دونوں انٹیلیجنس سربراہان قطری وزیر اعظم اور مصری حکام کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔
دوسری طرف آج بھی 10 اسرائیلی یرغمالیوں کے بدلے 30 فلسطینی قیدی رہا ہوں گے، گزشتہ روز حماس نے 10 اسرائیلی اور اسرائیل نے 30 فلسطینی خواتین اور بچوں کو رہا کیا تھا۔
آج نیویارک میں بھی فلسطین کی صورت حال پر سیکیورٹی کونسل کا اجلاس ہوگا، جس کی صدارت چین کرے گا، اجلاس میں چینی اور قطری وزیر خارجہ شرکت کریں گے۔