غزہ میں زمین، فضا اور سمندر سے میزائلوں کی بارش، بارودی روبوٹس کا بھی استعمال

غزہ اسرائیل

غزہ (01 ستمبر 2025): اسرائیل کی جانب سے غزہ پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے، آئی ڈی ایف نے بارودی روبوٹس کے ذریعے عمارتیں تباہ کرنا بھی شروع کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق غزہ پر اسرائیلی طیاروں کی شدید بمباری کا سلسلہ نہ تھم سکا، قابض فوج نے غزہ میں زمین، فضا اور سمندر سے میزائلوں کی بارش کر دی۔

چوبیس گھنٹوں میں 78 افراد شہید ہو گئے، شہدا کی مجموعی تعداد 63 ہزار 371 تک پہنچ گئی، شہدا میں امداد کے منتظر 32 افراد بھی شامل ہیں۔ اسرائیلی فوج غزہ میں عمارتیں تباہ کرنے کے لیے بارود سے بھرے خود کار روبوٹس کا استعمال کر رہی ہے جس کے نتیجے میں کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔

سعودی عرب سے 40 ناٹیکل میل دور اسرائیلی بحری جہاز پر حملہ

دوسری جانب اسرائیل مسجد اقصیٰ کے صحن کے نیچے غیر قانونی کھدائی کر کے اسلامی آثار قدیمہ تباہ کر رہا ہے، سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں کچھ افراد کو مسجد اقصیٰ کے کمپاؤنڈ میں کھدائی کے بعد بڑے پتھر توڑتے دیکھا جا سکتا ہے۔

فلسطینی اتھارٹی نے اسرائیلی کارروائی کو بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کا مقصد اسلامی شناخت ختم کر کے مستقبل میں مسجد اقصیٰ کی جگہ یہودی عبادت گاہ بنانا ہے۔

خیال رہے کہ عالمی صمد فلوٹیلا کے جہاز بارسلونا سے غزہ کی پٹی کے لیے انسانی امداد اور کارکنوں کے ساتھ روانہ ہو گئے ہیں، جن میں گریٹا تھنبرگ بھی شامل ہیں، یہ سمندر کے راستے فلسطینی سرزمین کی اسرائیلی ناکہ بندی کو توڑنے کی اب تک کی سب سے بڑی کوشش ہے۔