فلسطین کا محصور شہر غزہ 74 ویں روز بھی اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے گونجتا رہا اور بچا کھچا شہر بھی کھنڈرات میں تبدیل ہوتا رہا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ میں صہیونی فورسز کی بمباری سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں ڈیڑھ سو سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے ہیں، جب کہ رفح میں ایک اور صحافی شہید ہو گیا ہے۔
الجزیرہ کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں کم از کم 19,453 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ دوسری طرف جنوبی غزہ میں حماس کے لڑائی میں مزید 9 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔
اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ حماس کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، جنگ بندی کے لیے مذاکرات کا عمل پیچیدہ اور طویل ہو سکتا ہے۔ حماس نے کہا ہے کہ جنگ بندی پر مصر اور قطر کے کسی بھی اقدام پر مذاکرات کے لیے ہم تیار ہیں، تاہم مذاکرات اس وقت تک نہیں ہوں گے جب تک اسرائیل اپنا حملہ بند نہیں کر دیتا۔
حماس کے جنگجوؤں کے حملوں میں 7 اسرائیلی فوجی ہلاک
حماس ترجمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل اسپتالوں پر بمباری اور طبی عملے کو گرفتار کرنے کا سلسلہ بدستور جاری رکھے ہوئے ہے۔