سعودیہ کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ سعودی ایئر لائنز (السعودیہ) نے 2021-2022 کی مدت کے دوران مسافروں کو معاوضے کے طور پر 58 ملین ریال ادا کردیئے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے ایک سرکاری بیان میں اس بات پر زور دیا کہ ان معاوضوں نے صارفین کے بہت سے خدشات ختم کردیئے ہیں،جن میں پرواز کی منسوخی، تاخیر، سامان کا نقصان اور پرواز کے نظام الاوقات میں رکاوٹ وغیرہ شامل ہیں۔
یہ طریقہ کار 20 نومبر سے نافذ ہونے والے آئندہ ضوابط کے پیش خیمہ کے طور پر بھی کام کرتا ہے جس کا مقصد آپریشنز کو آگے بڑھانا اور ہوا بازی کے شعبے میں مملکت کے ترقی کے مقاصد کی سپورٹ کرنا ہے، جبکہ یہ مسافروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اتھارٹی کے عزم سے ہم آہنگ ہے۔
جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن میں معیار اور مسافروں کے تجربے کے ایگزیکٹو نائب صدر عبدالعزیز بن عبداللہ الدھمش کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ’تنظیم مسافروں کے لیے انتخاب، قدر اور خدمات کے معیار کو بڑھانے والے ضوابط کو نافذ کرنے کے لیے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمارا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ مسافروں کو ان کے حقوق کے بارے میں اچھی طرح سے آگاہ کیا جائے اور وہ قواعد و ضوابط کے مطابق رقم کی واپسی حاصل کرنے کے عمل کو آسانی سے نیویگیٹ کر سکیں۔‘
عبدالعزیز بن عبداللہ الدھمش نے وضاحت کی کہ ’جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن مسافروں کے حقوق کے تحفظ کے علاوہ ایک شفاف اور موثر شکایتی عمل کو آسان بنانے کے لیے وقف ہے۔‘
انھوں نے ’مسابقتی ہوابازی کے شعبے کو فروغ دینے میں مسافروں کے حقوق کے لیے مضبوط تحفظات کی اہمیت پر زور دیا جو مملکت اور اس کے مسافروں دونوں کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔‘