اسلام آباد : ملک میں عام انتخابات 28 جنوری 2024 کو کرانےکی تجویز سامنے آگئی تاہم پولنگ کیلئے اتوار کا دن مقرر کرنے پر مشاورت جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے ملک میں عام انتخابات 28 جنوری 2024 کو کرانے کی تجویز دے دی گئی ، ذرائع نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن میں پولنگ کیلئے اتوار کا دن مقرر کرنے پر مشاورت جاری ہے۔
ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ انتخابی شیڈول کے حوالے سے سپریم کورٹ کو آگاہ کیا جائے گام انتخابی شیڈول حلقہ بندیوں کے بعد جاری کیا جائے گا اور حلقہ بندیا ں 30 نومبر کو مکمل کی جائیں گی۔
گذشتہ روز الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابات میں تاخیر کے حوالے سے قیاس آرائیوں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ انتخابات میں کسی قسم کا ابہام نہیں، انتخابات ملتوی ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ حلقہ بندی کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے جبکہ اعتراضات دائر کرنے کا مرحلہ کل مکمل ہو جائے گا جبکہ حلقہ بندی پر اعتراضات کی سماعت 31،30 اکتوبر سے شروع ہوگی اور 30 نومبر کو الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست شائع کر دے گا۔
الیکشن کمیشن کی آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے تیاریاں مکمل ہیں، حلقہ بندیوں کی حتمی اشاعت کے فوراً بعد انتخابی شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔