ٹنڈو جان محمد : جرمنی کے قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر لوٹز نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی گلوبل چیلنج ہے، مستقبل میں ایسے سانحات سے بچنے کے لئے مل کر کام کرنا ضروری ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈو جان محمد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے کئی نسلوں کو محنت درکار ہے۔
ڈاکٹر روڈیگر لوٹز کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی کو کنٹرول کرنے کے لئے آج سے کام شروع کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے دنیا کے کئی ممالک متاثر ہیں۔
قونصل جنرل نے ٹنڈو جان محمد میں ایم اے ایل سی مرکز کا بھی دورہ کیا اس موقع پر انہوں نے ٹنڈو جان محمد میں مرکز کو 1.8 ملین روپے کی امداد دی اور ایم اے ایل سی مرکز میں آر او پلانٹ کا بھی افتتاح کیا۔
جرمن قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر لوٹز نے میڈیا کو بتایا کہ 1.8 ملین روپے ایم اے ایل سی کو میڈیکل سہولیات کے لئے فراہم کئے ہیں کیونکہ کاشت کاری کی اراضی سیلاب سے بہت زیادہ متاثر ہوئی ہے۔
واضھ رہے کہ جرمن حکومت نے سیلاب متاثرین کی امداد میں ایک کروڑ یورو کا اضافہ کیا ہے، جرمنی پاکستان میں سیلاب متاثرین کا سب سے بڑا ڈونر ہے۔
قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ ٹنڈو جان محمد کے اس علاقے میں پینے کے پانی کی کمی کا سامنا ہے۔ جرمن حکومت کے تعاون سے قائم آر او پلانٹ سے چھ سو گیلن یومیہ صاف پانی ملے گا، ایم اے ایل سی کے پروگرام 60فیصد فنڈنگ جرمن شہریوں کی طرف سے ہورہی ہے۔