لندن : برطانوی خاتون کے پالتو کتوں نے خاتون میں کینسر کی تشخیص کرکے خاتون کو ہلاک ہونے سے بچالیا، خاتون کا کہنا ہے وہ اپنے کتوں کی بہت احسان مند ہیں۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں پالتو کتوں نے اپنی 65 سالہ مالکن کے چھاتی میں تیزی سے پھیلنے والے کینسر کی بروقت تشخیص کرکے ہمدردی اور وفاداری کی تاریخ رقم کردی۔
برطانوی شہری لنڈا منکلے نے خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے کتوں سے بہت زیادہ محبت کرتی ہوں اور ان کی احسان مند ہوں کیونکہ انہوں نے میری جان بچائی ہے۔
خاتون نے بتایا کہ میں اپنی بیماری سے غافل تھی لیکن میرے کتوں کی مشکوک حرکتوں نے مجھے احساس دلایا کہ مجھ میں کچھ گڑبڑ ہے۔
لنڈا منکلے کے مطابق ایک دن میں صوفے پر بیٹھی تھی کہ اچانک ایک کتے نے میرے اوپر چھلانگ لگائی اور میرے سینے پر سررکھے اسے سونگھنا شروع کردیا۔
65 سالہ برطانوی شہری کا کہنا تھا کہ یہ سلسلہ کچھ دنوں تک یوں ہی چلتا رہا اور آٹھ ہفتوں بعد مجھے احساس ہوا کہ میرے سینے میں ایک طرف گھٹلی ہوگئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق خاتون نے ڈاکٹر کو چیک اپ کرایا تو معلوم ہوا کہ مجھے بریسٹ کینسر ہوگیا ہے جو آہستہ آہستہ پھیل رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تشخیص کے بعد ان کی کیموتھراپی شروع ہوئی لیکن اس دوران بھی (بی اور انیا) کا برتاؤ ویسا ہی رہا تاہم کیمو کا تیسرا سیشن مکمل ہونے کے بعد دونوں نے اچانک انہیں سونگھنا اور سینے کے خاص حصے پر اپنا سر ٹکرانا چھوڑ دیا۔
خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بزرگ خاتون لِنڈا کی چھ مہینے تک کیموتھراپی بعد ان کے سینے میں موجود گلٹی کو نکالنے کے لیے ایک آپریشن بھی کیا گیا، جس کے بعد وہ مکمل طور پر صحت یاب ہوچکی ہیں۔