برطانیہ، چین اور یورپی یونین بغیر ویزہ جانا ہے تو اس چھوٹے سے ملک کی شہریت لیں

اگر آپ برطانیہ چین یورپی یونین سمیت دنیا کے 120 ممالک میں بغیر ویزہ انٹری چاہتے ہیں تو اس چھوٹے سے ملک کی شہریت لے لیں۔

دنیا کے کسی بھی ملک میں جانے کے لیے ویزا لازمی ہوتا ہے۔ مگر دنیا میں کچھ ایسے ممالک ہیں جن کے شہریوں کو کئی ممالک میں بغیر ویزا انٹری کی سہولت حاصل ہے۔ ان ہی میں ایک ملک ڈومینیکا ہے۔

دنیا کے نقشے پر ڈومینیکا اگرچہ ایک چھوٹے سے رقبہ پر کم آبادی والا ملک ہے۔ مگر یہ خوبصورت جزیرائی ملک ہونے کے ساتھ دولت مشترکہ کا رکن بھی ہے غیر ملکیوں کو اپنے ملک کی شہریت حاصل کرنے کا نادر موقع فراہم کر رہا ہے اور اس ملک کا پاسپورٹ آپ کو بغیر ویزہ 120 ملکوں کا سفر کی سہولت فراہم کر سکتا ہے۔

ڈومینیکن حکومت نے غیر ملکیوں کو اپنے ملک کی شہریت حاصل کرنے کا نادر موقع فراہم کیا ہے۔ کوئی بھی شخص سرمایہ کاری کے ذریعہ اس خوبصورت ملک کی شہریت حاصل کر سکتا ہے۔ ڈومینیکا نے سرمایہ کاری کا یہ CBI پروگرام 1993 میں شروع کیا تھا جو وقت گزرنے کے دنیا بھر کے سرمایہ کاروں میں مقبول ہو چکا ہے۔

سر سبز بارانی جنگلات، گرم چشموں، آبشاروں جیسے قدرتی مناظر اور متنوع جنگلی حیات کی وجہ سے اس کو ’’نیچر آئی لینڈ‘‘ بھی کہا جاتا ہے اور قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہونے والے افراد کے لیے یہ رہائش کی آئیڈیل جگہ ہو سکتی ہے۔

اس کے علاوہ یہ مہم جو سیاحوں کے لیے بھی کشش رکھتا ہے۔ 4747 فٹ (1447 میٹر) بلند اس مقام پر پیدل سفر کے ساتھ تیراکی اور وہیل واچنگ کے ذریعہ مہم جوئی کا شوق بھی پورا کیا جا سکتا ہے۔

اگر آپ اس خوبصورت قدرتی نظاروں سے بھرپور اس ملک (ڈومینیکا) کی شہریت حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اس کی اہلیت پر پورا اترنے کے لیے کچھ شرائط ہیں، جن کو پورا کرنا لازمی ہوگا۔

ڈومینیکا کی شہریت حاصل کرنے کی اہلیت:

اس جزیرائی ملک کی شہریت حاصل کرنے والے خواہشمند کسی بھی فرد کی عمر کم از کم 18 سال ہونی چاہیے اور اس کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ بھی نہیں ہونا چاہیے۔

ڈومینیکا کی شہریت حاصل کرنے کے خواہشمند درخواست دہندگان کا صحت مند ہونا بھی ضروری ہے۔ اسکے لیے انہیں میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی پیش کرنا ہوگا۔

درخواست دہندہ کو شہریت دینے کا حتمی فیصلہ کرنے سے قبل سخت جانچ پڑتال کے عمل سے گزارا جائے گا۔

ڈومینیکا کی شہریت لینے والے درخواست دہندگان کو اس ملک میں کچھ شعبوں میں مقررہ حد تک کم از کم سرمایہ کاری بھی کرنی ہوگی۔

ڈومینیکا CBI پروگرام کے لیے کم از کم سرمای کاری کی حد:

ڈومینیکا CBI پروگرام کے لیے کم از کم سرمای کاری کی حد ایک لاکھ ڈالر ہے۔ جس کا شیڈول کچھ اس طرح ہے۔

اکنامک ڈائیورسیفیکیشن فنڈ (EDF) میں ایک لاکھ امریکی ڈالر کا عطیہ

7500 ڈالر ڈیو ڈیلیجنس فیس

1000 ڈالر پاسپورٹ فیس

اس کے علاوہ، درخواست دہندگان جائیداد میں سرمایہ کاری کا اختیار بھی منتخب کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے انہیں پیشگی منظور شدہ جائیداد جس کی مالیت کم از کم 2 لاکھ ڈالر ہونی چاہیے، اس میں سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔

ڈومینیکا کی شہریت کے فوائد:

ڈومینیکا اگرچہ 750 مربع کلومیٹر (290 مربع میل) رقبہ اور 70 ہزار سے زائد آبادی کے ساتھ ایک چھوٹا سا ملک ہے۔ تاہم اس چھوٹے سے ملک کی شہریت حاصل کرنے والے کو بیش بہا فوائد حاصل ہو سکتے ہیں۔

CBI پروگرام کے ذریعے ڈومینیکا کی شہریت حاصل کرنے کا سب سے بڑا فائدہ برطانیہ، یورپی یونین، چین سمیت دنیا کے 120 سے زائد ممالک کا بغیر ویزا سفر کی سہولت ہے۔

ڈومینیکا کے شہری کی آمدنی ٹیکس فری ہوگی اور اس کو کوئی ویلتھ ٹیکس نہیں دینا ہوگا اور ٹیکس فری ماحوال میں کاروبار کرنے کے بہترین مواقع میسر ہوں گے۔

اس کے علاوہ اس ملک کا شہری بن کر ڈومینیکا میں ایک اعلیٰ معیار زندگی کا حصول، کام کرنے اور تعلیم حاصل کرنے کا حق بھی حاصل ہوگا۔

درخواست دینے کا طریقہ:

ڈومینیکا کی شہریت کے حصول کے لیے درخواست دینے کا طریقہ انتہائی آسان ہے۔ تاہم CBI پروگرام کے لیے درخواست پر سخت جانچ پڑتال کے باعث عملدرآمد میں دو سے تین ماہ کا عرصہ لگتا ہے۔

ڈومینیکا کی شہریت حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کو پہلے ابتدائی درخواست اور اس کے ساتھ مطلوبہ دستاویزات جمع کرانا ہوں گی۔ جس کے بعد درخواست کو ڈیو ڈیلیجنس کے عمل سے گزارا جائے گا۔

درخواست تمام مطلوبہ معیار پر پورا اترنے کے بعد ڈومینیکا کی حکومت کی جانب سے درخواست دہندہ کے لیے شہریت کی منظوری دی جائے گی۔

اگلے مرحلے میں کامیاب درخواست گزار سے ڈومینیکا سے وفاداری کا حلف لیا جائے گا، جس کے بعد اس کو ملک کا پاسپورٹ جاری کر دیا جائے گا۔