شوہر سے لڑائی ہو تو والدہ اور بہنوں کو نہ بتائیں، غزالہ جاوید

شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ غزالہ جاوید نے شادی شدہ لڑکیوں کو اہم مشورہ دے دیا۔

اداکارہ غزالہ جاوید نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی اور اس دوران شادی شدہ نوجوان لڑکیوں کو مشورہ بھی دیا۔

انہوں نے کہا کہ میرے پاس دن میں کوئی پندرہ فون آتے ہیں کہ شوہر سے لڑائی ہوگئی تو میں انہیں سمجھاتی ہوں کہ ٹھیک ہے لیکن تم اپنے گھر بالکل نہیں جاؤ گی اور میاں بیوی کی لڑائی میں لڑکیاں اپنے والدین کو شامل نہ کریں اور نہ انہیں کچھ بتائیں۔

اداکارہ نے کہا کہ آپ کی کوئی اچھی دوست ہو تو اس سے ذکر کرسکتی ہیں جو آپ کی بات تو اپنے تک رکھیں جب آپ والدین سے ذکر کرتے ہیں تو شوہر کی عزت ختم ہوجاتی ہے اور پھر گھر والے شوہر کو عزت نہیں دیتے تو بیوی کو وہ بھی برا لگتا ہے کہ میرے شوہر کو عزت نہیں دی جارہی ہے۔

غزالہ جاوید نے کہا کہ مرد بھی بیوی سے لڑائی کو کمرے کی حد تک رکھے، اپنے والدین کو جاکر نہ بتائیں، جس گھر کا مرد مضبوط ہوتا ہے وہاں پر لڑائیاں بہت کم ہوتی ہیں اور میاں، بیوی ایک دوسرے کی عزت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر والدین تک بات پہنچ بھی جاتی ہے تو انہیں چاہیے کہ دونوں کو بلائیں اور بات کو سلجھائیں اور جھگڑے کو ختم کریں۔