راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاک فوج اور چینی پیپلز لبریشن آرمی کے تعلقات مثالی ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق چینی پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی 97ویں سالگرہ کی تقریب کا انعقاد جی ایچ کیو میں کیا گیا، آرمی چیف نے چینی مہمانوں کا استقبال کیا، تقریب کے مہمان خصوصی جیانگ زیڈونگ تھے۔
تقریب میں چینی ڈیفنس اتاشی، سفارتخانے کے حکام اور تینوں مسلح افواج کے افسران نے شرکت کی۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات غیر معمولی اور مثالی ہیں، دونوں ممالک کے تعقات باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں افواج مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں اور آہنی بھائی چارے کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
چینی سفیر نے کہا کہ پاک فوج ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے آگے رہی ہے، پاک فوج کے پاکستان اور خطے کے امن و استحکام کے لیے قربانیاں دیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے کو تیار ہیں، کوئی طاقت پاک چین مثالی دوستی اور افواج کے بھائی چارے کو ختم نہیں کرسکتی۔