برطانوی شہریوں کو نئی مصیبت کا سامنا ہے کہ ان کے گھروں میں دو دو فٹ لمبے چوہے گھسنے لگے ہیں جب وجوہات جانی گئیں تو حیران کن وجہ سامنے آئی۔
برطانیہ کے شہری دنیا میں ایک صفائی پسند قوم تصور کیے جاتے ہیں جب کہ چوہے وہ مخلوق ہیں جو کہ ہر طرف گندگی پھیلاتے ہیں۔ ان دنوں برطانوی شہریوں کو ایک نئی مصیبت کا سامنا ہے کہ ان کے گھروں میں دیو ہیکل چوہے جو دو فٹ تک لمبے ہیں گھروں میں گھس جاتے ہیں اور کھانے پینے کی اشیا سمیت گھریلو سامان کو تباہ و برباد کردیتے ہیں۔
اس نئی مصیبت نے گوروں کی پریشانی بڑھا دی ہے تاہم جب اس کی وجوہات کا جائزہ لیا گیا تو یہ حیران کن وجہ سامنے آئی کہ کورونا وبا کے باعث گھروں سے کام کرنے کی لت پڑنے کے باعث چوہوں نے ان کی زندگیاں حرام کردی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں آفس نہ جانے اور گھروں سے کام کرنے کے باعث کئی علاقوں میں چوہوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور 2 فٹ تک لمبے چوہے شہریوں کے گھروں کی دیواروں پر چڑھ کر، واش روم اور نالیوں کے ذریعے گھروں میں گھس جاتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق چوہوں کو گھروں میں اس طرح آزادانہ آمدورفت کی وجہ لوگوں کا گھروں سے دفتری کام کرنا ہے کیونکہ لوگوں کے گھروں سے کام کرنے کے باعث ان کی گاڑیاں سڑکوں پر کھڑی رہتی ہیں اور اس وجہ سے کچرا اٹھانے والی کمپنیوں کی گاڑیوں کو گلیوں میں داخل ہونے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
جب کئی کئی دن کچرا نہیں اٹھتا اور صفائی نہ ہونے کے باعث کچرا دان بھر جاتے ہیں تو ایسی جگہیں حریص چوہوں کی پسندیدہ آماجگاہ ہوتی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ برطانیہ بھر میں 20 کروڑ چوہے موجود ہیں اور ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ چوہے انسانوں میں خطرناک بیماریوں کو باعث بن سکتے ہیں۔