ابوظبی: پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز میں شرکت کے لیے جنوبی افریقہ سے یو اے ای کا سفر کرنے والے تمام کھلاڑی ابوظبی پہنچ گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق یو اے ای سے ابوظبی پہنچنے والے کھلاڑیوں میں فاف ڈوپلیسی، ڈیوڈ ملر، رائیلی روسو، کیمرون ڈیلپورٹ، ہرشل گبز، قومی آل راؤنڈر محمد نواز شامل ہیں۔
دوسری جانب ویسٹ انڈیز کے جانسن چارلس اور ڈیرن سیمی بھی نیویارک سے ابوظبی کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔
پی سی بی کے مطابق براڈ کاسٹ کریو میں شامل جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے مسافر یو اے ای روانہ ہوچکے ہیں، بھارت سے تعلق رکھنے والے 8 براڈ کاسٹرز بھی یو اے ای پہنچ چکے ہیں۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل 6؛ ابوظبی میں کھلاڑیوں کا قرنطینہ شروع
علاوہ ازیں پی ایس ایل کے بقیہ میچز میں شرکت کے لیے پاکستان میں موجودہ 25 کھلاڑی و اسٹاف کو تاحال ویزے نہ مل سکے۔
پی سی بی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں ہفتہ وار چھٹی کی وجہ سے کچھ معاملات میں تاخیرہوئی ہے اور امید ہے کہ آج تمام معاملات کلئیر ہوجائیں گے۔
پی سی بی کے مطابق کئی غیر ملکی کھلاڑی یو اے ای پہنچ چکے ہیں جن کے ناموں کا اعلان ایک ساتھ کیا جائے گا۔
واضح رہےکہ پی ایس ایل 6 کے کورونا کی وجہ سے باقی رہ جانے والے میچز ابوظبی میں کرائے جائیں گے جس کے لیے کئی کھلاڑی امارات پہنچ چکے ہیں۔