آسٹریلیا کے سابق وکٹ کیپر وجارح مزاج بیٹر ایڈم گلکرسٹ نے کینگروز سے وائٹ واش کے بعد پاکستان ٹیم کے حوالے سے ان سے منسوب تنقیدی بیان کو جعلی قرار دے دیا ہے۔
حال ہی میں آسٹریلیا نے تین ٹیسٹ میچوں کی ہوم سیریز میں پاکستان کو وائٹ واش کیا ہے۔ گرین شرٹس کی اس بدترین کارکردگی پر مختلف حلقوں کی جانب سے تنقید کی گئی۔ ایسے میں ہی سابق آسٹریلوی جارح مزاج بیٹر ایڈم گلکرسٹ کا ایک سخت تنقیدی بیان بھی سامنے آیا جس میں انہوں نے موجودہ کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا کا دورہ کرنے والی جنوبی ایشیا کہ بدترین ٹیم قرار دیا تھا۔
گلکرسٹ کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر طوفان آگیا اور سابق آسٹریلوی کھلاڑی پر بھی تنقید شروع ہو گئی تھی۔
اب گلکرسٹ نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے دوران ان سے منسوب جعلی اقتباسات پھیلانے پر ایک سوشل میڈیا پیج پر تنقید کی ہے۔
گلکرسٹ نے اپنے سوشل اکاؤنٹس پر پوسٹ کیا ہے جس میں ان سے منسوب بیان کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے یہ کبھی نہیں کہا۔ یہ بالکل جعلی ہے۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ پاکستان اس موسم گرما میں ورلڈ چیمپیئن آسٹریلیا ٹیم کے خلاف بہت اچھا کھیلا اور تقریباً ایک یا دو ٹیسٹ میں وہ فتح کے قریب آ کر دور ہوا۔
I never said this. Absolutely fake, made up quotes. Pakistan were excellent at times this summer, against a World Champion Aust team and very nearly pinched a Test or two. #fakenews #ignore pic.twitter.com/DsQ9KUINIr
— Adam Gilchrist (@gilly381) January 11, 2024
گلکرسٹ نے موجودہ پاکستانی ٹیم کے بارے میں کیا کہا؟
یاد رہے کہ پاکستان نے آسٹریلوی سر زمین پر آخری بار 29 سال قبل 1995 میں ٹیسٹ میچ میں فتح حاصل کی تھی۔ اس کے بعد بڑے بڑے کپتان اور نامور کھلاڑی آئے لیکن کینگرو کی سر زمین اب تک ان کے لیے نہ فتح ہونے والا قلعہ بن چکی ہے۔