ایکنک نے گلگت بلتستان کے لیے پاور پلانٹس کا بڑا منصوبہ منظور کر لیا

گلگت بلتستان سولر پاور پلانٹس

اسلام آباد (09 اگست 2025): گلگت بلتستان کے لیے 100 میگا واٹ سولر فوٹو وولیٹک پاور پلانٹس کے منصوبے منظور کر لیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کے اعلان کے 2 دن بعد ایکنک نے گلگت بلتستان کے لیے سولر پاور پلانٹس کے منصوبے کی منظوری دے دی، جس کے بعد اب اس منصوبے پر کام کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا۔

سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی پہلے ہی اس منصوبے کی منظوری دے چکی ہے، اس منصوبے سے استور، داریل، تنگیر، دیامر، گھانچے اور غذر کے اضلاع مستفید ہوں گے، گلگت، ہنزہ، اشکومن، نگر، روندو، اسکردو اور شگر کے اضلاع بھی مستفید ہو سکیں گے۔

پہلے مرحلے میں ضلع اسکردو کو 18.958 میگا واٹ بجلی فراہم کی جائے گی، دوسرے مرحلے میں ہنزہ، گلگت اور دیامر کے اضلاع کو بجلی فراہم کی جائے گی، جب کہ تیسرے مرحلے میں جی بی کے دیگر اضلاع کو 16.096 میگا واٹ بجلی فراہم کی جائے گی۔


مفت سولر سسٹم: اہلیت چیک کرنے کا طریقہ کار سامنے آگیا


جی بی میں اسپتالوں اور سرکاری دفاتر کو آف دی گرڈ 18.162 میگاواٹ بجلی مہیا کی جائے گی، حکام کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں یہ منصوبہ 3 سال میں مکمل ہوگا اور اس پر 24957 ملین لاگت آئے گی۔