گلگت : جی بی اسکاؤٹس کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ، دو اہلکار شہید

گلگت : جی بی اسکاؤٹس کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ، دو اہلکار شہید

گلگت : دیامر ہو ڈور میں جی بی اسکاؤٹس کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں دو اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق گلگت میں دیامر ہوڈور کے مقام پر جی بی اسکاؤٹس کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں 3 اہلکار زخمی ہوئے۔

ترجمان گلگت بلتستان حکومت نے بتایا کہ زخمی اہلکاروں میں سے 2 دوران علاج شہید ہوگئے جبکہ ایک اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ شہید ہونے والوں میں جی بی اسکاؤٹس کے نائب صوبیدار اور حوالدار شامل ہیں تاہم حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن شروع کردیا ہے۔

ترجمان فیض اللہ فراق نے کہا کہ دہشتگردوں کا آخری دم تک پیچھا کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چلاس میں جی بی اسکاؤٹس چیک پوسٹ پر دہشتگرد حملے کی مذمت کی اور شہید نائب صوبیدار کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمی جوان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ شہید صوبیدار نے شہادت کا بلند رتبہ پایا ہے، ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ پوری قوم جی بی اسکاؤٹس کے جوانوں کی قربانی کو سلام پیش کرتی ہے۔