راولپنڈی میں تھانہ پیر ودھائی کے علاقے میں جرگے کے فیصلے پر لڑکی کے قتل پر عدالت نے نوٹس جاری کر دیے۔
سول جج قمر عباس نے قبرکشائی کیلئے مقتولہ کے ورثا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ایس ایچ او، میونسپل کارپوریشن مقتولہ کی قبر پر گارڈ تعینات کریں۔
عدالت نے پولیس کی درخواست پر احکامات جاری کئے۔ ایس آئی شبیرحسین نے قبر کشائی کی اجازت طلب کی تھی۔
دلہن کو قتل کے بعد رات کے اندھیرے میں دفن کر دیا گیا تھا اور ملزمان نے مقتولہ کی تدفین کے بعد قبر کا نشان بھی مٹا دیا تھا۔ پولیس نے قبرستان کمیٹی کے سیکرٹری اور گورکن کو حراست میں لےلیا۔
19سالہ سدرہ عرب گل کا نکاح 17جنوری کو ضیاالرحمان سے ہوا تھا جب کہ مقتولہ کو عثمان نامی لڑکے کے ساتھ تعلقات کے شبہ پر قتل کیا گیا۔
مقدمہ متن کے مطابق 11جولائی کو گھریلو مسئلے پر میاں بیوی کا معمولی جھگڑا ہوا اور لڑکی 10 تولے سونا اور ڈیڑھ لاکھ روپے لے کر اسی رات گھر سے بھاگ گئی تھی۔