بھارت میں ایک لڑکی نے اپنے اغوا کار سے ہی شادی رچا لی ہے جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔
بھارت جہاں آئے روز بالخصوص شادی بیاہ کے حوالے سے نت نئے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔ اب وہاں سے یہ خبر آئی ہے کہ ایک لڑکی کے اپنے اغوا کار کو ہی جیون ساتھی چن کر اس سے شادی رچا لی ہے جس کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں۔
اپنی نوعیت کا یہ انوکھا واقعہ بھارتی ریاست تلنگانہ کے ضلع راجنا سرسیلا کا ہے وہاں کی رہائشی شملی نامی لڑکی نے اپنے اغوا کرنے والے سے شادی کرکے دنیا کو حیرت میں مبتلا کردیا۔
اس کی کہانی اس وقت شروع ہوئی جب شملی کے اغوا کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ اغوا کے اس کلپ میں اغوا کاروں کی جانب سے اسے گھسیٹ کر کار کی طرف لے جاتے اور پھر اس کو پچھلی سیٹ پر دھکیلتے دکھایا گیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس واردات کے دوران لڑکی کے والد نے انہیں روکنے کی کوشش کی لیکن بوڑھے ہاتھ ایسا کرنے میں ناکام رہا اور اغوا کار لڑکی کو اغوا کرکے فرار ہوگئے۔
ابھی لڑکی کے اغوا کا غم تازہ ہی تھا کہ ایک اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں مذکورہ لڑکی کو دلہن کے روپ میں دکھایا گیا تھا لیکن حیرت کی بات یہ تھی کہ دولہا اس کا اغوا کار تھا۔ دونوں نے چندورتھی منڈل کے موڈپلے گاؤں میں شادی کی۔
لڑکی نے شادی کے بعد اپنی شادی کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کیں جس میں شملی کے اس انکشاف نے سب کو چونکا دیا جس میں اس نے بتایا کہ وہ اور اغوا کار لڑکا چار سال سے ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے۔
شملی نے کہا کہ اس کا خاندان ذات پات کی وجہ سے ان کی شادی کے خلاف تھے اور اس کی شادی کہیں اور کرنا چاہتے تھے۔
اس نے مزید انکشاف کیا کہ وہ دونوں گزشتہ سال بھی شادی کے بندھن میں بندھے تھے لیکن ان کی شادی قانونی نہیں تھی کیونکہ وہ نابالغ تھی۔ اس وقت اس کے والدین نے مقدمہ درج کرایا تھا جس کے بعد اس کے شوہر کو جیل بھیج دیا گیا تھا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کے بارے میں بات کرتے ہوئے لڑکی نے کہا کہ اس نے اغوا کے دوران اپنے شوہر کو نہیں پہچانا تھا کیونکہ اس نے ماسک پہن رکھا تھا۔ بعد میں پتہ چلنے کے بعد میں نے اس سے شادی کرلی۔
شملی نے پولیس نے تحفظ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے والدین اسے اور اس کے شوہر کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔