پنکھے سے تولیہ باندھ کر جھولا جھولنے والی بچی کی دردناک موت

پنکھے سے تولیہ باندھ کر جھولا جھولنے والی بچی کی دردناک موت

بھارتی ریاست تلنگانہ کے شہر حیدرآباد کے مضافات میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں پنکھے سے تولیہ باندھ کر جھولا جھولنے والی بچی کی موت واقع ہوگئی۔

انڈین میڈیا کے مطابق چٹکول گاؤں کے ایک گھر میں بجلی بند ہونے کے باعث دو بھائی بہن کمرے میں پنکھے سے تولیہ باندھ کر جھولا جھول رہے تھے جبکہ والدین دوسرے کمرے میں موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: شوہر نے بیوی کو نشہ آور شہ کھلاکر قتل کیا، لاش پنکھے سے لٹکا دی

بھائی بہن باری باری ایک دوسرے کو جھولا جھلا رہے تھے تاہم انہیں یہ معلوم نہیں تھا کہ پنکھے کا بٹن آن ہے۔ جب بچی کے جھولا جھولنے کی باری آئی تو بجلی بحال ہوگئی اور پنکھا چل پڑا۔

پنکھے سے تولیہ باندھ کر جھولا جھولنے والی بچی کی دردناک موت

دیکھتے ہی دیکھتے پنکھے نے رفتار پکڑی اور تولیہ بچی کی گردن سے لپٹ گیا جس کے باعث معصوم کی موت واقع ہوگئی۔ بچی کی شناخت ساہسرا کے نام سے ہوئی جو چوتھی جماعت کی طالبہ تھی۔

بجلی بحال ہونے کے بعد جب والدین کمرے میں آئے تو ساہسرا کی لاش پنکھے سے لٹکتی دیکھ کر ان کے پیروں تلے زمین نکل گئی، انہوں نے بچی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا لیکن اب بہت دیر ہو چکی تھی۔

اسپتال میں ڈاکٹروں نے ساہسرا کو دیکھتے ہی مردہ قرار دے دیا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس ساہسرا کے گھر پہنچی اور واقعے سے متعلق تحقیقات شروع کیں، اس سلسلے میں مقدمہ بھی درج کیا گیا۔