’حق دو بلوچستان کو‘حکومت اور جماعت اسلامی کے مذاکرات کامیاب

حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان حق دو بلوچستان کے حوالے سے مذاکرات کامیاب ہونے پر لاہور پریس کلب پر جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ حکومت نے مسائل کے حل کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کی وفد کے ہمراہ مشیر برائے سیاسی امور راناثناللہ سے ملاقات ہوئی جس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے راناثنااللہ نے کہا کہ وزیراعظم بلوچستان کےمسائل حل کرنےکیلئےپرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مولاناہدایت الرحمان کو اسلام آباد میں خوش آمدید کہتے ہیں جماعت اسلامی سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے 8 مطالبات سامنے رکھے ہیں، بلوچستان کےحوالے سے کمیٹی تشکیل دی جائےگی جو وفاقی و صوبائی حکومت اور سیکیورٹی اداروں پر مشتمل ہو گی، کمیٹی بلوچستان کےمسائل حل کرنے کیلئے تجاویز دے گی۔

راناثنااللہ نے کہا کہ لانگ مارچ شرکا کے مطالبات حکومت کو پیش کریں گے بلوچستان پاکستان کامستقبل ہے اور بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، بلوچستان کی ترقی صوبےمیں امن سےمنسوب ہے معصوم شہریوں کو بسوں سے اتار کر قتل کرنے والوں کیلئےکوئی گنجائش نہیں، شرپسند دشمن کی ایما پر امن و امان خراب کرتے ہیں ہم بیرونی دشمنوں اور فتنہ الہندوستان کا متحدہو کر مقابلہ کریں گے۔

رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے حقوق کا تحفظ چاہتے ہیں ہم پرامن سیاسی کارکن ہیں صرف امن چاہتے ہیں، لاہور پریس کلب سامنے کل ہونے والا دھرنا ختم کر دیں گے، جماعت اسلامی کا دھرنا اسلام آباد نہیں آئے گا۔

نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ وزیرمملکت داخلہ نے مذاکرات میں اہم کردار ادا کیا حکومت سے ملاقات کے بعد کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ ہوا ہے حکومت کی جانب سے کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جائے گا۔