امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی جانب سے کے الیکٹرک کومزید 20سال کا لائسنس جاری کرنے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کےالیکٹرک کو 2044 تک کا لائسنس دینا انتہائی قابل مذمت اور کھلی کراچی دشمنی ہے۔
اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت کو طویل مدتی فیصلوں سے باز رہنا چاہیئے، کےالیکٹرک لائسنس کی توسیع کے لیے نیپرا کی سماعت میں بھی ہم نے بھرپور مخالفت کی تھی، جماعت اسلامی کے الیکٹرک کو 2044 تک لائسنس جاری کرنے کے فیصلے کے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے کر آئندہ کا لائحہ عمل دے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک نے کراچی کے عوام کو لوٹا ہے اور بلاتعطل وسستی بجلی فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے، کےالیکٹرک NTDC کا 62ارب اور سوئی سدرن گیس کمپنی کا 172ارب روپے کا نادہندہ ہے کےالیکٹرک پر کلاء بیک کی مد میں کراچی کے عوام کے 52ارب روپے واجب الاداء ہیں۔
حافظ نعیم نے کہا کہ قومی اداروں اور اہل کراچی کو اربوں روپے ادانہ کرنے والی کمپنی کو مزید 20سال کا لائسنس جاری کرنا نہ صرف کراچی دشمنی بلکہ ملک دشمنی بھی ہے۔