گلگت بلتستان : غذر میں گلیشیئر پھٹنے سے خوفناک تباہی، متعدد دیہات زیرآب

گلگت بلتستان : غذر میں گلیشیئر پھٹنے سے خوفناک تباہی، متعدد دیہات زیرآب

گلگت بلتستان: ضلع غذرمیں گلیشیئر پھٹنے سے سیلاب نے پھر تباہی مچادی، متعدد دیہات زیرآب آنے سے درجنوں افراد پھنس گئے تاہم پچاس سے زائد افراد کو ریسکیو کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کے ضلع غذر کے علاقے تلی داس میں رات گئے گلیشیئر پھٹنے سے شدید سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، جس کے باعث متعدد دیہات زیرآب آگئے اور درجنوں افراد پھنس گئے۔

ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق نے بتایا کہ اب تک 50 سے زائد افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا ہے، تاہم متاثرین کو شدید مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

فیض اللہ فراق کا کہنا تھا کہ گلیشیئر پھٹنے سے دریائے غذر کا بہاؤ رک گیا ہے اور پانی جھیل کی شکل اختیار کر چکا ہے، جس کے باعث متصل دیہات مزید زیرآب آنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے، تاہم پولیس اور مقامی رضاکاروں کی طرف سے بروقت اطلاع پر قیمتی انسانی جانیں بچ گئیں۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے تمام صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے ریسکیو کارروائیوں کی براہِ راست نگرانی شروع کر دی ہے اور متعلقہ اداروں کو متاثرہ دیہات میں فوری اقدامات کی ہدایت دی اور کہا ضرورت پڑنے پر پاک فوج سے بھی مدد طلب کی جائے گی۔

سیکریٹری داخلہ اورڈی جی جی بی ڈی ایم اے کو دریائےغذر کے قریب موجود آبادیوں میں حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات کی گئی ہے۔

ریسکیو 1122 اور گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (GBDMA) کے اہلکار جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق رکا ہواپانی آہستہ آہستہ سیلابی بند سے گزرنے لگا ہے جو خوش آئند ہے ،اگر پانی ایک دم سیلابی بند کو توڑ دے تو دریا کے راستے میں موجود نشیبی آبادیاں زیر آب آسکتی ہیں۔