بھارتی کپتان روہت کی مضحکہ خیز انداز میں یشسوی اور سرفراز کو گراؤنڈ میں واپس بھیجنے کی تصاویر وائرل ہوگئیں۔
راجکوٹ میں انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن بھارت کمانڈنگ پوزیشن میں آگیا تھا۔ میزبان ٹیم نے انگلینڈ کو چوتھی اننگز میں جیت کے لیے 557 رنز کا مشکل ترین ہدف دیا تھا۔
بھارت کی دوسری اننگز کے دوران، سرفراز کی ففٹی اور جیسوال کی ڈبل سنچری کے بعد ہر کوئی کپتان روہت شرما کی جانب سے اننگز ڈکلیئر کرنے کے اعلان کا انتظار کررہا تھا۔
دلچسپ صورتحال اس وقت دیکھنے میں آئی کہ جب دوسرے سیشن میں ڈرنکس کے وقفے کے بعد دونوں بیٹرز ڈریسنگ روم کی طرف جانے لگے اس وقت میں بھارت کو 536 رنز کی برتری حاصل تھی۔
تاہم ایسے میں کپتان روہت شرما نے مضحکہ خیز انداز میں انھیں واپس پچ پر بھیجتے ہوئے کہا کہ ہم نے اب تک اننگز ڈکلیئر نہیں کی ہے۔
بھارتی کپتان نے اس موقع پر سرفراز اور یشسوی کی طرف دیکھ کر اپنے ہاتھوں سے اشارہ بھی کیا کہ وہ ڈریسنگ روم کی طرف کیوں آرہے ہیں۔
اس دوران انگلینڈ کے اوپنرز بین ڈکٹ اور زیک کرولی بھی بیٹنگ کے لیے تیار ہونے کے سلسلے میں چینجنگ روم کی طرف جاتے دکھائی دیے۔ تاہم شرما کی جانب سے جیسوال اور سرفراز کو بیٹنگ جاری رکھنے کا کہنے پر انھیں میدان میں واپس لوٹنا پڑا۔
واضح رہے کہ اس میچ میں بھارت نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی سب سے بڑی فتح حاصل کرتے ہوئے انگلینڈ کو تیسرے ٹیسٹ میں 434 رنز سے شکست دی۔
راجکوٹ ٹیسٹ میں چوتھے دن ہی انگلینڈ کی بیٹنگ لائن اپ بھارتی اسپنرز کے سامنے مٹی کا ڈھیر ثابت ہوئی اور 557 رنز کے تعاقب میں پوری ٹیم صرف 122 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔