پاکستان شوبز انڈسٹری کے مقبول اداکار گوہر رشید کی والدہ فرزانہ منیر نے اداکاری کا آغاز کردیا ہے جس پر اداکار نے ردعمل دیا ہے۔
گوہر رشید ایک ورسٹائل پاکستانی اداکار ہیں جو چیلنجنگ کرداروں میں اپنی شاندار پرفارمنس کی وجہ سے مشہور ہیں، گوہر نے خود کو انڈسٹری میں ایک اہم کردار اداکار کے طور پر منوایا ہے اور حال ہی میں ایک ڈرامے میں ان کی اداکاری کی تعریف کی گئی تھی۔
گوہر رشید حال ہی میں پاکستان کی معروف اداکارہ کبریٰ خان کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھے ہیں، تاہم اب ان کی والدہ نے ڈرامے میں نمایاں کردار ادا کر کے شوبز میں قدم رکھ دیا ہے۔
اداکار گوہر رشید نے والدہ کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے ان سے اظہار محبت کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں بہادر اور خود سے بہتر اداکارہ قرار دیا ہے۔
گوہر رشید نے جذباتی پوسٹ میں لکھا کہ جب میں چھوٹا تھا اور اسکول کا پہلا دن تھا، تب میں بہت زیادہ خوف زدہ تھا لیکن میری والدہ میری ہمت بڑھانے کے لیے میرے ساتھ اسکول میں رہیں۔
اداکار کا کہنا تھا کہ جب میری والدہ مجھے اسکول چھوڑنے اور لینے آتیں تھیں میرا خیال رکھتی تھی اور جب میں نے اداکاری شروع کی تو وہ اسکول کے پہلے دن کی طرح کچھ اداس اور خوفزدہ تھیں۔
گوہر رشید نے لکھا کہ لیکن اب کئی سال بعد ایک بار پھر ایسا سب کچھ میری زندگی میں ہوا لیکن اس بار کردار کچھ مختلف تھے، اس بار میں والدہ کی جگہ تھا۔
گوہر نے کہا کہ میں اور میری بیوی خاص طور پر اس دن ماں کو کام پر چھوڑنے کے لیے پرجوش تھے اور ماں بہت گھبرائی ہوئی تھی، بالکل اسی طرح خوفزدہ تھی جیسے میں اسکول کے پہلے دن تھا جب وہ مجھے چھوڑنے گئی تھیں۔
اداکار نے لکھا کہ میری والدہ کی ہمت بڑھانے میں میری اہلیہ اداکارہ کبریٰ خان نے بھی بہترین کردار ادا کیا اور ہم نے والدہ کو اداکاری سے متعلق سمجھایا۔
اداکار نے پوسٹ کا اختتام اپنی اہلیہ کے ساتھ ساتھ پراجیکٹ کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ "مجھے آپ پر بہت فخر ہے اور آپ مجھ سے بہتر اداکار اور بہادر ہیں۔”
واضح رہے کہ اداکار گوہر رشید کی والدہ نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامے ’بریانی‘ سے اداکاری کا آغاز کیا ہے، اس ڈرامے میں ان کے کردار اور اداکاری کی تعریفیں بھی کی جا رہی ہیں۔