ایران اسرائیل جنگ بندی : سونے کی قیمت تقریباً 2 ہفتے کی کم ترین سطح پر آگئی

پاکستان میں سونے کی قیمت تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتیں تقریباً دو ہفتے کی کم ترین سطح پر آگئی اور قیمت 3,338.39 ڈالر فی اونس ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے بعد عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتیں تقریباً دو ہفتے کی کم ترین سطح پر پہنچ گئیں۔

اس پیشرفت کے بعد سرمایہ کاروں میں خطرہ مول لینے کا رجحان بڑھا ہے، جس کا اثر قیمتی دھاتوں کی منڈی پر بھی پڑا۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.9 فیصد کمی کے ساتھ 3,338.39 ڈالر فی اونس پر آ گئی، جو 11 جون کے بعد سے اب تک کی سب سے کم سطح ہے۔

اسی طرح امریکی گولڈ فیوچرز میں بھی 1.2 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی اور قیمت 3,352.60 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی۔

امریکی فیڈرل ریزرو کی وائس چیئر برائے نگرانی مشیل بومن نے کہا تھا کہ روزگار کے شعبے کو لاحق خطرات کے پیش نظر شرح سود میں کمی کا وقت قریب آ چکا ہے۔

ایران، اسرائیل اور امریکی تنازع سے متعلق تمام خبریں

اس بیان کے بعد سرمایہ کاروں کی نظریں منگل کے روز ہونے والی فیڈرل ریزرو کے چیئر مین جیروم پاول کی کانگریس میں گواہی پر مرکوز ہو گئیں، جہاں وہ ہاؤس فنانشل سروسز کمیٹی کے سامنے پیش ہوں گے۔

سپیواک نے اس حوالے سے مزید کہا، "سونے کی قیمتوں کے رجحان میں مجموعی طور پر اضافہ متوقع ہے، لیکن اگر پاول نے یہ عندیہ دیا کہ اس سال شرح سود میں دو بار سے زیادہ کمی نہیں ہو گی، تو ہم قریبی مدت میں سونے کی قیمت میں اصلاح اور امریکی ڈالر میں مضبوطی دیکھ سکتے ہیں۔”

یاد رہے صدر ٹرمپ نے اعلان کیا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان مکمل جنگ بندی طے پا گئی ہے، جس سے 12 روزہ تنازعے کا خاتمہ متوقع ہے۔

دوسری جانب ٹرمپ کے اعلان کے بعد عالمی حصص کی مارکیٹوں میں بہتری دیکھی گئی، جب کہ تیل کی قیمتیں ایک ہفتے کی کم ترین سطح پر آ گئیں۔

توانائی کی قیمتوں میں یہ کمی، مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے کم ہونے کے باعث ممکن ہوئی کیونکہ مارکیٹوں کو خدشہ تھا کہ تنازعے کے باعث تیل کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے۔

واضح رہے کہ سونا عمومی طور پر کم شرح سود والے ماحول میں بہتر کارکردگی دکھاتا ہے، کیونکہ اس پر کوئی سود نہیں ملتا، اور سرمایہ کار ایسے ماحول میں اسے بطور محفوظ سرمایہ کاری اختیار کرتے ہیں۔

سونے کے علاوہ دیگر قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں بھی معمولی کمی دیکھنے میں آئی، اسپاٹ سلور 0.1 فیصد کمی کے ساتھ 36.08 ڈالر فی اونس پر آ گیا۔

پلاٹینم 0.3 فیصد کمی کے ساتھ 1,290.67 ڈالر فی اونس پر بند ہوا جبکہ پیلیڈیم 1.3 فیصد کمی کے ساتھ 1,062.94 ڈالر فی اونس تک گر گیا۔