سونے کی قیمت تیزی سے بڑھنے لگی، ڈالر مزید مہنگا ہوگیا

سونے کی قیمت

ملک میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز سونے کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ انٹربینک میں ڈالر مزید مہنگا ہوگیا۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 1600 روپے اضافہ ہوا ہے جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 14 ہزار 800 روپے ہوگئی ہے۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 1371 روپے اضافے کے بعد ایک لاکھ 84 ہزار 156 روپے ہوگئی۔

عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ کا رجحان رہا، سونا 2 ڈالر فی اونس اضافے کے بعد 1957 پر آگیا ہے۔

ڈالر کی قدر میں اضافہ

دوسری جانب انٹربینک میں ڈالر 66 پیسے مہنگا ہوگیا، ایک ڈالر 66 پیسے مہنگا ہونے کے بعد 278 روپے 25 پیسے کا ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ انٹر بینک میں گزشتہ کاروباری روز ڈالر 277 روپے 59 پیسے پر بند ہوا تھا۔