سونے کی قیمت آج بھی ہزاروں روپے بڑھ گئی

سونے کی قیمت

ملک میں ڈالر مہنگا ہونے کے بعد سونے کی قیمت میں بھی 5 ہزار 400 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت 5 ہزار 400 روپے اضافے کے بعد دو لاکھ 26 ہزار 400 روپے ہوگئی ہے۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 4 ہزار 630 روپے اضافے کے بعد ایک لاکھ 94 ہزار 102 روپے ہوگئی۔

عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافے کا رجحان رہا، سونا 6 ڈالر اضافے کے بعد فی اونس 1973 ڈالر پر پہنچ گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی سونے کی فی تولہ قیمت 6200 روپے اضافے کے بعد دو لاکھ 21 ہزار روپے ہوگئی تھی۔

ڈالر کی قدر میں اضافہ

دوسری جانب پاکستانی روپےکے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قدر میں اضافےکا سلسلہ جاری ہے۔

آج کاروبار کے آغاز میں انٹربینک میں ڈالر ایک روپے74 پیسے مہنگا ہو کر 281 روپےکا ہوگیا اور کاروبار کے اختتام پر 3 روپے 78 پیسے مہنگا ہوکر 283 روپے 80 پیسے پر بند ہوا۔

انٹربینک میں گزشتہ روز ڈالر 283 روپے 4 پیسے پر بند ہوا تھا۔

اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپیہ مہنگا ہوکر 287 روپے کا ہوگیا،گزشتہ روز اوپن مارکیٹ میں ڈالرکا بھاؤ 2 روپے اضافےکے بعد 286 روپے تھا۔