پنجاب کے سرکاری ملازمین کیلیے خوشخبری

پنجاب کے سرکاری ملازمین کیلیے خوشخبری

لاہور: پنجاب کی نگراں حکومت نے متعدد منصوبوں اور ملازمین کی فلاح و بہبود کیلیے اقدامات کی منظوری دے دی۔

نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی زیرِ صدارت صوبائی کابینہ کا 16واں اجلاس ہوا جس میں کابینہ نے متعدد منصوبوں اور ملازمین کی فلاح و بہبود کیلیے اقدامات کی منظوری دی۔ اجلاس میں پنجاب سول سروس پنشن رولز میں ترمیم کی بھی منظوری دی گئی۔

ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے بعد 65 فیصد پنشن کی فوری ادائیگی یقینی ہوگی۔ جب تک پنشن کے مکمل کاغذات تیار نہیں ہوتے تب تک 65 فیصد پنشن ملتی رہے گی۔

اجلاس میں سڑکوں کو ٹوٹ پھوٹ سے بچانے کیلیے ایکسل لوڈمینجمنٹ رجیم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ فیکٹریوں سے نکلنے والے بڑے ٹرالر کے وزن کو باقاعدہ چیک کیا جائے گا۔ ایکسل لوڈ مینجمنٹ کیلیے موٹر وہیکل رولز 1969 میں ترمیم کی بھی منظوری دی گئی۔

محسن نقوی نے تمام محکموں کو سرکاری ملازمین کی ترقی کے کیسز جلد نمٹانے کا حکم جاری کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک بھی حقدار سرکاری ملازم ترقی سے محروم نہیں رہنا چاہیے، میں خود سرکاری ملازمین کی پروموشن کیسز کی مانیٹرنگ کر رہا ہوں۔

اجلاس میں پنجاب میں پیراپلیجک ری ہیبلیٹیشن سینٹرز کے قیام کی منظوری دی گئی۔ ملتان، تونسہ، لاہور، فیصل آباد اور واہ میں مفلوج مریضوں کیلیے خصوصی سینٹرز بنیں گے۔

نگران وزیر اعلیٰ نے اسموگ پر قابو پانے کیلیے جامع پلان طلب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکرٹری ماحولیات انسداد اسموگ کے حوالے سے حتمی پلان دیں۔

اجلاس میں اکبر چوک لاہور پر فلائی اوور پراجیکٹ کیلیے گرانٹ ان ایڈ کی منظوری دی گئی جبکہ پنجاب انوائرمنٹل پروٹیکشن کے قوانین 2023 اور ریونیو موبلائزیشن اسٹریٹجی پلان 2023-24 تا 2025-26 کی منظوری بھی دی گئی۔