عمان: نجی اداروں کے ملازمین کیلیے خوشخبری

عمان میں پرائیویٹ سیکٹر کے ملازمین کو اپریل کی تنخواہیں عید سے قبل ادا کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

دنیا بھر کے اسلامی ممالک میں اپریل کے تیسرے ہفتے میں عیدالفطر کا تہوار منایا جائے گا۔ اس حوالے سے حکومت عمان نے نجی اداروں کی انتظامیہ کو اپنے ملازمین کو عید سے قبل ماہ اپریل کی تنخواہوں کی ادائیگی کے حوالے سے ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق عمان کی وزارت محنت نے ایک سرکلر جاری کیا ہے جس میں سلطنت عمان میں نجی اداروں کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ملازمین کو عیدالفطر کے تہوار سے قبل اپریل کی تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائیں۔

وزارت محنت کا یہ سرکلر سلطنت عمان میں نجی شعبے کے ادارے جو کہ رائل ڈیکری نمبر (35/2003) کے ذریعے جاری کردہ لیبر قانون کی دفعات کے تابع ہیں ان سب پر لاگو ہوگا۔

اس سرکلر میں نجی اداروں کی انتظامیہ پر زوردیا گیا ہے کہ وہ اپنے تمام متعلقہ ملازمین کی اپریل کے مہینے کی تنخواہیں منگل 18 اپریل 2023 کو یا اس سے پہلے ادا کر دیں۔