کروڑوں جی میل اکاؤنٹس خطرے میں پڑ گئے؛ گوگل کا انتہائی اہم الرٹ جاری

گوگل کا جی میل صارفین کیلیے الرٹ

(31 اگست 2025): گوگل نے دنیا بھر میں اپنے 25 کروڑ جی میل صارفین کیلیے انتہائی اہم الرٹ جاری کرتے ہوئے انہیں اکاؤنٹ کا پاسورڈ فوری تبدیل کرنے کی ہدایت کر دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گوگل نے جی میل صارفین کیلیے جاری الرٹ میں ہدایت کی کہ وہ فوراً اکاؤنٹ کا پاسورڈ تبدیل کریں یا پھر ٹو اسٹیپ ویریفکیشن لگائیں کیونکہ ہیکرز کی جانب سے حملے بڑھ رہے ہیں۔

گوگل کی جانب سے مذکورہ الرٹ سائبر حملوں میں اضافے کے بعد سامنے آیا جن میں سے بہت سے بدنام زمانہ ہیکنگ گروپ ’شائنی ہنٹرز‘ سے منسلک ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جی میل صارفین کیلیے جدید طرز کا نیا فیچر متعارف

یہ گروپ 2020 سے فعال ہے اور اسے ای ٹی اینڈ ٹی، مائیکرو سافٹ، سینٹینڈر اور ٹکٹ ماسٹر جیسے کئی ہائی پروفائل ڈیٹا بریچز کا ذمہ دار سمجھا جاتا ہے۔

شائنی ہنٹرز کا طریقہ واردات ای میلز بھیجنا ہے جو وصول کنندگان کو جعلی لاگ ان پیجز پر کلک کرنے یا حساس تفصیلات، بشمول سکیورٹی کوڈز فراہم کرنے پر آمادہ کرتے ہیں لہٰذا گوگل نے خبردار کیا ہے کہ گروپ کے حربے زیادہ ہدفی اور نقصان دہ حملوں میں تبدیل ہو سکتے ہیں۔

جون میں ایک بلاگ پوسٹ کے ذریعے گوگل نے صارفین کو بتایا تھا کہ ہمارا خیال ہے کہ ’شائنی ہنٹرز‘ برانڈ استعمال کرنے والے خطرناک عناصر اپنی بھتہ خوری کی حکمت عملیوں کو بڑھانے کی تیاری کر رہے ہیں۔

اس کے چند ہفتوں بعد 8 اگست کو گوگل نے ممکنہ طور پر متاثرہ جی میل صارفین کو ای میل بھیجا جس میں انہیں بغیر کسی تاخیر کے اپنے اکاؤنٹ کی سکیورٹی بڑھانے کا مشورہ دیا۔

ٹو اسٹپ ویریفکیشن اکاؤنٹ پر ایک اضافی دیوار کا کام کرتی ہے۔ اگر ہیکر آپ کا پاسورڈ حاصل کر بھی لیں تب بھی انہیں اکاؤنٹ کھولنے کیلیے ویریفکیشن کوڈ کی ضرورت ہوگی جو قابل اعتماد ڈیوائس پر بھیجا جاتا ہے۔