خواتین کا عالمی دن: گوگل کا منفرد ڈوڈل سے خراجِ تحسین

خواتین کا عالمی دن گوگل

خواتین کے عالمی دن کے موقع پر سرچ انجن گوگل نے منفرد ڈوڈل کے ذریعے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے خواتین کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا۔

تفصیلات کے مطابق عالمی یوم خواتین بین الاقوامی طور پر8 مارچ کو منایا جاتا ہے، اس کا مقصد معاشرے کو خواتین کی اہمیت سے آگاہ کرنا اور لوگوں میں خواتین پر تشدد کی روک تھام کے لیے اقدامات کرنے کے لیے ترغیب دینا ہے۔

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آج خواتین کا عالمی دن منایا جارہا ہے ، اس دن کے حوالے سے گوگل نے منفرد ڈوڈل کے ذریعے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں فعال خواتین کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

گوگل کی جانب سے آٹھ مارچ کو منفرد ڈوڈل پیش کرکے خواتین کی صلاحیتوں کااعتراف کیا جاتا ہے۔

خیال رہے جس دن روس میں خواتین کی ہڑتال شروع ہوئی تھی وہ جولیئن کیلنڈر میں 23 فروری تھی، جو موجودہ کیلنڈر میں 8 مارچ ہے اور اسی لیے یہ اس تاریخ کو منایا جاتا ہے۔ اس دن کو منانے کے لیے ماہ مارچ کے آغاز سے ہی تقریبات کا آغاز کردیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ گوگل کا دنیا بھر میں ہونے والے اہم واقعات، تعطیلات اور اہم شخصیات کو یاد کرتے ہوئے ان کے اعزاز میں ڈوڈل پوسٹ کرنے ایک منفرد انداز ہے جس کے تحت گوگل اپنے ہوم پیج پر ایک مخصوص لوگو کے ذریعہ تہنیتی پیغام دیتا ہے۔